
فالج کی وجوہات اور اہم رسک فیکٹرز جن پر آپ قابو پا سکتے ہیں
اہم نکات
فالج کی بنیادی وجہ دماغ کی خون کی نالیوں کا بند ہونا یا پھٹ جانا ہے۔ یہ سمجھنا کہ ایسا کیسے ہوتا ہے اور اس کے پیچھے کون سے رسک فیکٹرز ہیں، فالج سے بچاؤ کے لیے بہت ضروری ہے:
اسکیمک اسٹروک: خون کا لوتھڑا (کلاٹ) یا تنگ شریانیں دماغ تک خون کی سپلائی روک دیتی ہیں۔
ہیمرجک اسٹروک: خون کی کوئی نالی پھٹ جاتی ہے اور دماغ کے اندر یا اس کے آس پاس بلیڈنگ ہونے لگتی ہے۔
اہم میڈیکل رسک فیکٹرز: ہائی بلڈ پریشر، شوگر، ہائی ایل ڈی ایل کولیسٹرول اور ایٹریل فیبریلیشن فالج کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
دوسرے عوامل: تمباکو کا استعمال اور خون کی نالیوں کی کچھ موروثی خرابیاں بھی خطرہ مزید بڑھا دیتی ہیں۔
بچاؤ اہم ہے: بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور دل کی بیماریوں کو کنٹرول میں رکھنے سے فالج کا خطرہ کم ہو جاتا ہے، اگرچہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا۔
دماغ کو کام کرنے کے لیے مسلسل خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ جسم کے وزن میں دماغ کا حصہ صرف 2 فیصد کے قریب ہے، لیکن یہ جسم کی تقریباً 20 فیصد اکسیجن اور آرام کی حالت میں خرچ ہونے والی انرجی استعمال کرتا ہے۔ جب یہ سپلائی رک جائے تو دماغ کے خلیوں کو زندہ رہنے کے لیے ضروری اکسیژن اور گلوکوز بہت جلد ملنا بند ہو جاتا ہے۔
فالج کی وجوہات کو سمجھنے کے لیے دو اہم سوالوں کا جواب جاننا ضروری ہے:
فالج کے دوران دماغ کے اندر کیا ہوتا ہے، اور کون سی بیماریاں اس کا امکان بڑھا دیتی ہیں؟
فوری نقصان کسی بند شریان یا پھٹی ہوئی خون کی نالی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ جبکہ:
ہائی بلڈ پریشر
شوگر
ہائی کولیسٹرول
جیسی بیماریاں وقت کے ساتھ خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتی رہتی ہیں، جس سے ایسا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق، جانے پہچانے رسک فیکٹرز کو کنٹرول کرنا فالج سے ہونے والی معذوری اور اموات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان باتوں کو سمجھ کر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ فالج کیسے ہوتا ہے، کن بیماریوں پر توجہ دینی چاہیے، اور کون سے اقدامات اس کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
فالج کی دو بنیادی وجوہات
فالج اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کے کسی حصے تک خون کا بہاؤ رک جائے یا خون بہنے کی وجہ سے دماغ کو نقصان پہنچے۔ ڈاکٹرز وجہ کی بنیاد پر فالج کو دو بڑی اقسام میں تقسیم کرتے ہیں۔
1۔ اسکیمک اسٹروک: جب شریان بند ہو جائے
اسکیمک اسٹروک اس وقت ہوتا ہے جب خون کا کلاٹ دماغ کو خون پہنچانے والی کسی شریان کو بند کر دیتا ہے، اور آکسیجن والا خون متاثرہ حصے تک نہیں پہنچ پاتا۔ یہ فالج کی سب سے عام قسم ہے۔ شریان کئی طریقوں سے بند ہو سکتی ہے:
شریان کے اندر کلاٹ بننا:
شریانوں کی دیواروں پر چربی جمع ہونے لگتی ہے جسے پلاک کہتے ہیں، اور اس عمل کو ایتھروسکلیروسس کہا جاتا ہے۔ جب یہ پلاک پھٹتا ہے تو اس جگہ پر خون کا کلاٹ بن جاتا ہے اور خون کا بہاؤ روک دیتا ہے۔ اسے ایتھروتھرومبوٹک اسٹروک کہتے ہیں۔
کلاٹ کا دماغ تک پہنچ جانا:
کلاٹ جسم میں کسی اور جگہ، اکثر دل میں، بنتا ہے اور پھر وہاں سے ٹوٹ کر دماغ کی کسی شریان تک پہنچ جاتا ہے۔ ڈاکٹرز اسے ایمبولک اسٹروک کہتے ہیں۔ ایٹریل فیبریلیشن، یعنی دل کی بے ترتیب دھڑکن، اس کی ایک اہم وجہ ہے۔
دماغ کی چھوٹی شریانوں کا بند ہونا:
لمبے عرصے تک ہائی بلڈ پریشر اور شوگر رہنے سے دماغ کے اندرونی حصوں کو خون پہنچانے والی چھوٹی شریانیں متاثر ہوتی ہیں۔ جب ان میں سے کوئی بند ہو جائے تو اسے اسمال ویسل یا لیکیونر اسٹروک کہتے ہیں۔
یہ طریقے الگ الگ ضرور ہیں، لیکن سب کا فوری نتیجہ ایک ہی ہوتا ہے: دماغ کے ایک حصے کو خون ملنا بند ہو جاتا ہے، اور اس حصے کو مستقل نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔
2۔ ہیمرجک اسٹروک: جب خون کی نالی پھٹ جائے
ہیمرجک اسٹروک اس وقت ہوتا ہے جب خون کی کوئی نالی پھٹ جائے اور دماغ کے اندر یا اس کے آس پاس بلیڈنگ ہونے لگے۔
باہر نکلنے والا خون آس پاس کے حصوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور کھوپڑی کے اندر پریشر بڑھا دیتا ہے۔ بے قابو ہائی بلڈ پریشر اس کی بڑی وجہ ہے، جبکہ اینیورزم اور خون کی نالیوں کی کچھ خرابیاں بھی اس کا سبب بنتی ہیں۔ اس کی دو اہم اقسام ہیں:
انٹراسیریبرل ہیمرج:
بلیڈنگ براہِ راست دماغ کے اندر ہوتی ہے۔ لمبے عرصے سے چلا آ رہا ہائی بلڈ پریشر اور عمر کے ساتھ خون کی نالیوں کی دیواروں میں آنے والی تبدیلیاں اس کی اہم وجوہات ہیں۔
سب ایریکنائڈ ہیمرج:
بلیڈنگ دماغ کے اردگرد کی جگہ میں ہوتی ہے، عام طور پر دماغ کا کوئی اینیورزم پھٹنے کے بعد۔ اچانک اور انتہائی شدید سر درد اس کی ایک خاص وارننگ سائن ہے۔
اسکیمک اور ہیمرجک، دونوں طرح کے فالج میں اچانک نیورولوجیکل علامات ظاہر ہوتی ہیں، جیسے چہرے کا ایک طرف لٹک جانا، بازو میں کمزوری اور بولنے میں دشواری۔
صرف علامات دیکھ کر فالج کی قسم کا پتہ نہیں لگایا جا سکتا۔
اسی لیے فوری طور پر دماغ کی امیجنگ (اسکین) بہت ضروری ہے، کیونکہ بند شریان کا علاج بلیڈنگ کے علاج سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔
جس کسی کو بھی فالج کی اچانک وارننگ سائنز محسوس ہوں، اسے فوراً ایمرجنسی میڈیکل مدد کی ضرورت ہے، چاہے علامات ختم ہی کیوں نہ ہو جائیں۔
ہائی بلڈ پریشر: فالج کا سب سے بڑا قابلِ کنٹرول رسک فیکٹر
بے قابو ہائی بلڈ پریشر، جسے ہائپرٹینشن بھی کہتے ہیں، فالج کا سب سے بڑا رسک فیکٹر ہے جسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
بلڈ پریشر اُس زور کو کہتے ہیں جس سے بہتا ہوا خون شریانوں کی دیواروں پر دباؤ ڈالتا ہے۔ جب یہ پریشر لمبے عرصے تک زیادہ رہے تو پورے جسم کی خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے، جن میں دماغ کو خون پہنچانے والی نالیاں بھی شامل ہیں۔ اس نقصان سے شریانوں کے بند ہونے اور پھٹنے، دونوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر دماغ کی شریانوں کو کیسے نقصان پہنچاتا ہے
لمبے عرصے کا ہائپرٹینشن تین بڑی تبدیلیوں کے ذریعے فالج کا سبب بنتا ہے:
پلاک کا تیزی سے بننا:
مسلسل ہائی پریشر شریانوں کی اندرونی تہہ کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے وہاں چربی جمع ہونے لگتی ہے۔ یہ چربی شریانوں کو تنگ کر دیتی ہے اور کلاٹ بننے کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔
چھوٹی خون کی نالیوں کو نقصان:
دماغ کے اندرونی حصوں کو خون پہنچانے والی باریک شریانیں آہستہ آہستہ موٹی، تنگ اور سخت ہو جاتی ہیں۔ ان میں خون کا بہاؤ کم ہونے سے اسمال ویسل اسکیمک اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
خون کی نالیوں کی دیواروں کا کمزور ہونا:
مسلسل پریشر دماغ کے اندر کی نازک شریانوں کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے ان کے پھٹنے اور انٹراسیریبرل ہیمرج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ہائپرٹینشن کی سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ اکثر اس کی کوئی واضح علامات نہیں ہوتیں۔
انسان خود کو بالکل ٹھیک محسوس کرتا ہے، جبکہ ہائی بلڈ پریشر اندر ہی اندر دل اور خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے۔
سر درد، چکر آنا یا دوسری علامات سے یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھا ہوا ہے یا نہیں۔
ہائی بلڈ پریشر سے فالج کا خطرہ کیسے کم کریں؟
بلڈ پریشر باقاعدگی سے چیک کرنا بہت ضروری ہے، خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے جنہیں شوگر، دل کی بیماری یا موٹاپا ہو، یا جن کے خاندان میں ہائی بلڈ پریشر کی ہسٹری ہو۔ ہائپرٹینشن کو کنٹرول کرنے کے لیے:
باقاعدگی سے بلڈ پریشر چیک کریں، اور اگر بار بار ریڈنگ زیادہ آئے تو ڈاکٹر سے بات کریں۔
نمک کا زیادہ استعمال کم کریں اور دل کے لیے صحت مند، متوازن غذا کھائیں۔
باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی کریں اور وزن مناسب رکھیں۔
ڈاکٹر کی تجویز کردہ بلڈ پریشر کی دوا باقاعدگی سے لیں۔
فالو اپ اپوائنٹمنٹس پر جائیں تاکہ پتہ چل سکے کہ علاج فائدہ دے رہا ہے یا نہیں۔
بلڈ پریشر کا ٹارگٹ:
مریض کی عمر
میڈیکل ہسٹری
دل کی بیماریوں
کے مجموعی خطرے پر منحصر ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز صحیح ٹریٹمنٹ پلان صرف ایک ریڈنگ سے نہیں بلکہ بار بار کی گئی ریڈنگز کی بنیاد پر طے کرتے ہیں۔ ہائپرٹینشن کی تشخیص اور اس کے لمبے عرصے تک کنٹرول کو سمجھنا دماغ، دل اور گردوں پر پڑنے والی پیچیدگیوں سے بچنے کا ایک اہم حصہ ہے۔
شوگر فالج کا خطرہ کیسے بڑھاتی ہے
شوگر (ذیابیطس) بھی فالج کے خطرے کی ایک بڑی وجہ ہے، کیونکہ لمبے عرصے تک بلڈ شوگر زیادہ رہنے سے خون کی نالیوں کو نقصان پہنچتا ہے اور دل کی مجموعی صحت متاثر ہوتی ہے۔
امریکن اسٹروک ایسوسی ایشن کے مطابق شوگر کے مریض بالغ افراد میں فالج کا خطرہ اُن لوگوں کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہوتا ہے جنہیں شوگر نہیں ہے۔ یہ خطرہ اس وقت اور بڑھ جاتا ہے جب شوگر کے ساتھ ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی خرابی یا زیادہ وزن بھی ہو۔
ہائی بلڈ شوگر خون کی نالیوں پر کیسے اثر ڈالتی ہے
مسلسل زیادہ رہنے والا بلڈ گلوکوز کئی ایسی تبدیلیاں لاتا ہے جو فالج سے جڑی ہوئی ہیں۔
شریانوں کی دیواروں کو نقصان:
ہائی بلڈ شوگر خون کی نالیوں کی اندرونی تہہ کو نقصان پہنچاتی ہے اور سوزش (انفلیمیشن) بڑھاتی ہے۔ وقت کے ساتھ شریانیں کمزور ہو جاتی ہیں اور ان کے تنگ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
پلاک کا زیادہ جمع ہونا:
شوگر ایتھروسکلیروسس کے عمل کو تیز کر دیتی ہے، جس سے شریانوں کے اندر کولیسٹرول والی چربی جمع ہونے لگتی ہے۔ یہ چربی خون کا بہاؤ کم کرتی ہے اور کلاٹ کی وجہ سے ہونے والے فالج کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
خون جمنے کے عمل میں تبدیلی:
شوگر کی وجہ سے پلیٹ لیٹس زیادہ ایکٹو ہو جاتے ہیں اور جسم میں خون جمنے کا عمل بدل جاتا ہے، جس سے خون کی نالیاں بند ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شوگر اکثر ہائی بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول کے ساتھ ہی ہوتی ہے۔ یہ سب بیماریاں مل کر دماغ کو خون پہنچانے والی نالیوں پر مزید بوجھ ڈالتی ہیں۔
فالج کا خطرہ کم کرنے کے لیے شوگر کو کنٹرول کرنا
شوگر کو اچھی طرح کنٹرول کرنے کا مطلب ہے بلڈ گلوکوز کو قابو میں رکھنا اور ساتھ ہی دل کی بیماریوں کے دوسرے رسک فیکٹرز پر بھی توجہ دینا۔ اہم اقدامات یہ ہیں:
بلڈ شوگر چیک کرتے رہیں اور ڈاکٹر کے کہنے کے مطابق HbA1c ٹیسٹ کرواتے رہیں۔
مناسب میل پلان پر عمل کریں اور باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی کریں۔
شوگر کی تجویز کردہ دوا باقاعدگی سے لیں۔
معمول کے چیک اپ کے دوران بلڈ پریشر اور کولیسٹرول بھی چیک کروائیں۔
دل کی بیماریوں کے خطرے اور علاج کے ٹارگٹس کے بارے میں ڈاکٹر سے بات کریں۔
HbA1c کا ٹارگٹ عمر، علاج، دوسری بیماریوں اور شوگر بہت کم ہو جانے (لو شوگر) کے خطرے کے حساب سے مختلف ہوتا ہے۔ ہر مریض پر ایک ہی نمبر لاگو کرنے کے بجائے، ہر شخص کے لیے الگ ٹارگٹ رکھنا زیادہ محفوظ ہے۔
باقاعدہ میڈیکل فالو اپ اور شوگر کا مؤثر کنٹرول اُن پیچیدگیوں کو کم کرتا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے، اور دل کی صحت کو لمبے عرصے تک بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
شوگر کو کنٹرول کرنا اُن لوگوں کے لیے خاص طور پر ضروری ہے جنہیں ہائی بلڈ پریشر یا ہائی کولیسٹرول بھی ہو، کیونکہ صرف بلڈ شوگر پر توجہ دینے کے بجائے ان سب بیماریوں کو ایک ساتھ کنٹرول کرنے سے خون کی نالیوں کی بیماریوں سے زیادہ بہتر بچاؤ ہوتا ہے۔
ہائی کولیسٹرول فالج کا سبب کیسے بنتا ہے
لو ڈینسٹی لائپوپروٹین (LDL)، جسے عام طور پر بیڈ کولیسٹرول کہا جاتا ہے، زیادہ ہو تو شریانوں کے اندر چربی جمع ہونے لگتی ہے۔ وقت کے ساتھ یہ چربی خون کی نالیوں کو تنگ کر دیتی ہے اور اسکیمک اسٹروک کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔
اس عمل کو ایتھروسکلیروسس کہتے ہیں، اور یہ اکثر گردن کی کیروٹڈ آرٹریز کو متاثر کرتا ہے، جو دماغ کو خون پہنچاتی ہیں۔
کولیسٹرول کا پلاک فالج تک کیسے لے جاتا ہے؟
ایتھروسکلیروسس آہستہ آہستہ کئی مرحلوں میں بنتا ہے:
چربی جمع ہونا شروع ہوتی ہے:
ایل ڈی ایل کولیسٹرول شریان کی دیوار میں داخل ہو جاتا ہے، جہاں سوزش اور امیون سیلز کی سرگرمی کی وجہ سے چربی جمع ہونے لگتی ہے۔
پلاک بڑھتا ہے:
کولیسٹرول، سوزش والے سیلز اور فائبرس ٹشو مل کر پلاک بناتے ہیں، جو آہستہ آہستہ شریان کو تنگ کرتا ہے اور خون کا بہاؤ کم کر دیتا ہے۔
پلاک پھٹ جاتا ہے:
جب کمزور پلاک پھٹتا ہے تو اس جگہ پر خون کا کلاٹ بن جاتا ہے۔ یہ کلاٹ یا تو اسی شریان کو بند کر دیتا ہے یا آگے بڑھ کر دماغ کی کسی چھوٹی شریان میں پھنس جاتا ہے، جس سے خون کی سپلائی رک جاتی ہے۔
ہائی کولیسٹرول کی بھی اکثر کوئی واضح علامات نہیں ہوتیں۔ لپڈ پروفائل نامی بلڈ ٹیسٹ سے ایل ڈی ایل، ایچ ڈی ایل، ٹرائی گلیسرائیڈز اور ٹوٹل کولیسٹرول کی پیمائش کی جاتی ہے، جس سے ڈاکٹرز دل کی بیماریوں کے خطرے کا اندازہ لگاتے ہیں۔
فالج کا خطرہ کم کرنے کے لیے کولیسٹرول کم کرنا
کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے کے لیے غذا میں بہتری، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور ڈاکٹر کے تجویز کرنے پر دوا ضروری ہے۔
سیچوریٹڈ فیٹ اور ٹرانس فیٹ والی غذائیں، جن میں پارشلی ہائیڈروجنیٹڈ آئل والی چیزیں بھی شامل ہیں،اور انہیں کم کرنے سے کولیسٹرول بہتر رہتا ہے۔ ہول گرینز، سبزیاں، پھل، دالیں اور فائبر والی دوسری غذائیں بھی دل کے لیے صحت مند غذا ہیں۔
ڈاکٹرز کولیسٹرول کم کرنے والی دوائیں، خاص طور پر اسٹیٹنز، مریض کے دل کی بیماری کے خطرے اور میڈیکل ہسٹری کو دیکھ کر تجویز کرتے ہیں۔ یہ دوائیں ایل ڈی ایل کولیسٹرول کم کرتی ہیں اور ایتھروسکلیروسس سے ہونے والے دل اور خون کی نالیوں کے مسائل کا خطرہ کم کرتی ہیں۔
شوگر، ہائی بلڈ پریشر یا پہلے سے دل کی بیماری والے لوگوں کے لیے کولیسٹرول کا باقاعدہ ٹیسٹ اور علاج جاری رکھنا خاص طور پر ضروری ہے۔
دل کی بیماریاں اور لائف اسٹائل کی وہ عادتیں جو فالج کا خطرہ بڑھاتی ہیں
دل کی بیماری، تمباکو کا استعمال، زیادہ وزن اور جسمانی سرگرمی کی کمی مختلف طریقوں سے فالج کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ کچھ بیماریاں براہِ راست خون کے کلاٹ بناتی ہیں، جبکہ کچھ شریانوں کو نقصان پہنچاتی ہیں یا ہائی بلڈ پریشر اور شوگر ہونے کا امکان بڑھا دیتی ہیں۔
ایٹریل فیبریلیشن اور دل کی دوسری بیماریاں
ایٹریل فیبریلیشن (AF) دل کی بے ترتیب دھڑکن کی ایک بیماری ہے جو اسکیمک اسٹروک کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
جب دل کے اوپر والے چیمبرز ٹھیک سے نہیں سکڑتے تو کچھ جگہوں پر خون رک کر جمع ہو جاتا ہے اور کلاٹ بن جاتے ہیں۔ دل سے نکلنے والا کلاٹ خون کے ساتھ بہتا ہوا کبھی کبھی دماغ کو خون پہنچانے والی کسی شریان کو بند کر دیتا ہے۔
دل کی دوسری بیماریاں جن کا تعلق ایمبولک اسٹروک سے ہے:
دل کے والوز کی بیماری:
والوز کی کچھ خرابیاں اور مکینیکل ہارٹ والوز کلاٹ بننے کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
انفیکٹو اینڈوکارڈائٹس:
دل کی اندرونی تہہ یا والوز میں انفیکشن سے ایسا مواد بنتا ہے جو خون میں شامل ہو کر شریانوں کو بند کر سکتا ہے۔
دل کے پٹھوں کی بیماریاں:
دل کی پمپ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے والی بیماریاں کچھ مریضوں میں کلاٹ بننے کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔
ایٹریل فیبریلیشن کبھی کبھی بغیر کسی واضح علامت کے بھی ہوتی ہے۔ ای سی جی (ECG)، دل کی دھڑکن کی لمبے عرصے تک مانیٹرنگ اور ایکوکارڈیوگرافی کے ذریعے ڈاکٹرز یہ جانچتے ہیں کہ کہیں فالج کی وجہ دل تو نہیں۔
دی ماڈرن ہاسپٹل کا کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ایٹریل فیبریلیشن، دل کے والوز کی خرابیوں اور دل کی دوسری بیماریوں کا معائنہ کرتا ہے۔
ایٹریل فیبریلیشن کے جن مریضوں کو علاج کی ضرورت ہو، ان میں ڈاکٹر کی تجویز کردہ خون پتلا کرنے والی دوا (اینٹی کوایگولنٹ) کلاٹ سے ہونے والے فالج کا خطرہ کافی حد تک کم کر دیتی ہے۔ ڈاکٹرز ہر مریض کے فالج اور بلیڈنگ کے خطرے کو دیکھ کر مناسب علاج طے کرتے ہیں۔
اسموکنگ اور دھوئیں کے بغیر تمباکو
تمباکو کا استعمال فالج کا ایک ثابت شدہ رسک فیکٹر ہے۔ سگریٹ اور شیشے کا دھواں خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے، کلاٹ بننے کا خطرہ بڑھاتا ہے اور جسم میں کاربن مونو آکسائیڈ داخل کرتا ہے، جس سے خون کی آکسیجن لے جانے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
دھوئیں کے بغیر استعمال ہونے والا تمباکو، جیسے گٹکا، نسوار اور تمباکو والا پان، بھی جسم میں نکوٹین اور دوسرے نقصان دہ مادے پہنچاتا ہے۔ ان کا استعمال دل اور خون کی نالیوں کی بیماریوں کے بڑھتے خطرے سے جڑا ہوا ہے۔
تمباکو چھوڑنا فالج کا خطرہ کم کرنے اور دل کو لمبے عرصے تک صحت مند رکھنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
زیادہ وزن اور جسمانی سرگرمی کی کمی
زیادہ وزن، خاص طور پر پیٹ کی چربی، کا انسولین ریزسٹنس، ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی خرابی سے گہرا تعلق ہے۔ جسمانی سرگرمی کی کمی ان مسائل کو بڑھاتی ہے اور دل کی بیماریوں کا مجموعی خطرہ بڑھا دیتی ہے۔
باقاعدہ جسمانی سرگرمی، متوازن غذا اور وزن کو مناسب حد میں رکھنا دل کی صحت بہتر بناتا ہے۔ بالغ افراد کو اپنی صحت کی حالت کے مطابق ورزش کرنی چاہیے، اور ضرورت ہو تو ماہر کی رہنمائی میں آہستہ آہستہ ورزش بڑھانی چاہیے۔
فالج کے وہ رسک فیکٹرز جنہیں آپ بدل نہیں سکتے
ہر فالج سے بچا نہیں جا سکتا۔ اگرچہ بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور لائف اسٹائل کو کنٹرول کرنے سے خطرہ کم ہوتا ہے، لیکن کچھ جسمانی اور میڈیکل عوامل انسان کے اختیار سے باہر ہوتے ہیں۔
عمر اور فیملی ہسٹری
عمر بڑھنے کے ساتھ خون کی نالیوں میں تبدیلیاں آتی ہیں، اس لیے عام طور پر فالج کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ لیکن کم عمر افراد کو بھی فالج ہو سکتا ہے۔
اگر خاندان میں کسی کو فالج ہوا ہو، خاص طور پر کم عمری میں، تو یہ بھی ایک اہم بات ہے جس پر دھیان دینا چاہیے۔ موروثی عوامل بلڈ پریشر، جسم میں کولیسٹرول کے میٹابولزم اور خون کی نالیوں کی کچھ بیماریوں پر اثر ڈالتے ہیں۔
دماغ کے اینیورزم اور خون کی نالیوں کی بناوٹ میں خرابیاں
کچھ لوگوں میں دماغ کو خون پہنچانے والی نالیوں میں خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ برین اینیورزم شریان کا ایک کمزور حصہ ہوتا ہے جو غبارے کی طرح پھول جاتا ہے۔ زیادہ تر اینیورزم کبھی نہیں پھٹتے اور ان سے بلیڈنگ نہیں ہوتی، لیکن اگر پھٹ جائیں تو یہ جان لیوا ایمرجنسی بن جاتی ہے۔
آرٹیریووینس مالفارمیشن (AVM) شریانوں اور وینز کے درمیان ایک غیر معمولی جوڑ ہوتا ہے۔ یہ عام طور پر پیدائش سے پہلے ہی بن جاتی ہیں اور کبھی کبھی بلیڈنگ، دورے (سیژرز) یا دوسرے نیورولوجیکل مسائل کا سبب بنتی ہیں۔
ضروری نہیں کہ اینیورزم پیدائشی ہوں؛ بہت سے اینیورزم بعد کی زندگی میں خون کی نالیوں، جینیٹک اور ماحولیاتی عوامل کے ملے جلے اثر سے بنتے ہیں۔
جن مریضوں میں یہ مسائل تشخیص ہوں، انہیں اسپیشلسٹ سے معائنہ کروانا ضروری ہے تاکہ طے ہو سکے کہ صرف مانیٹرنگ کافی ہے یا علاج کی ضرورت ہے۔
موروثی اور کم پائی جانے والی بیماریاں
کچھ جینیٹک بیماریاں خون کی نالیوں کی بناوٹ کو متاثر کرتی ہیں یا ان میں بیماری کا امکان بڑھا دیتی ہیں۔
CADASIL (کیڈاسل) جیسی بیماریاں موروثی طور پر دماغ کی چھوٹی خون کی نالیوں کو متاثر کرتی ہیں اور فالج کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
کچھ مریضوں میں خون جمنے کی موروثی بیماریوں (کلاٹنگ ڈس آرڈرز) کا بھی احتیاط سے جائزہ لینا چاہیے، اگرچہ ان میں سے کئی بیماریاں زیادہ تر وینز میں کلاٹ کا خطرہ بڑھاتی ہیں، نہ کہ شریانوں کی اُس رکاوٹ کا جو زیادہ تر اسکیمک اسٹروک کی وجہ بنتی ہے۔
اینٹی فاسفولپڈ سنڈروم، جو پیدائشی نہیں بلکہ بعد میں ہونے والی ایک آٹو امیون کلاٹنگ بیماری ہے، بھی کچھ مریضوں میں فالج کی ایک مانی ہوئی وجہ ہے۔
پہلے فالج یا منی اسٹروک ہو چکا ہو
اگر پہلے کبھی فالج یا ٹرانزینٹ اسکیمک اٹیک (TIA) ہو چکا ہو تو دوبارہ ایسا ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
میڈیکل ہسٹری کو بدلا تو نہیں جا سکتا، لیکن دوبارہ فالج سے بچاؤ علاج کی اہم ترجیح رہتا ہے۔ اصل وجہ کا پتہ لگانے اور تجویز کردہ احتیاطی علاج پر عمل کرنے سے لمبے عرصے تک کافی بہتر تحفظ ملتا ہے۔
جن مریضوں کو پہلے کوئی نیورولوجیکل مسئلہ ہو چکا ہو، انہیں اسپیشلسٹ نیورولوجی سروسز کے ذریعے باقاعدہ فالو اپ سے فائدہ ہوتا ہے۔
فالج کی وجوہات اور رسک فیکٹرز
نیچے دی گئی ٹیبل میں اہم رسک فیکٹرز، فالج میں ان کا کردار اور ضروری میڈیکل اقدامات کا خلاصہ دیا گیا ہے۔
رسک فیکٹر | یہ فالج کا سبب کیسے بنتا ہے | تجویز کردہ اقدام |
ہائی بلڈ پریشر | خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور شریانیں بند ہونے اور بلیڈنگ کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ | باقاعدہ مانیٹرنگ، لائف اسٹائل میں تبدیلی اور تجویز کردہ علاج۔ |
ایٹریل فیبریلیشن | دل کے اندر کلاٹ بننے کا سبب بنتا ہے، جس سے ایمبولک اسٹروک ہوتا ہے۔ | دل کی دھڑکن کا معائنہ، اور ضرورت ہو تو خون پتلا کرنے والی دوا (اینٹی کوایگولیشن)۔ |
شوگر | خون کی نالیوں کے نقصان اور ایتھروسکلیروسس کو تیز کرتی ہے۔ | بلڈ گلوکوز کنٹرول اور دل کی بیماریوں کے خطرے کا جائزہ۔ |
ہائی ایل ڈی ایل کولیسٹرول | شریانوں میں پلاک جمنے اور کلاٹ بننے کا سبب بنتا ہے۔ | لپڈ ٹیسٹ، غذا میں تبدیلی اور تجویز کردہ کولیسٹرول کم کرنے والا علاج۔ |
تمباکو کا استعمال | خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ | تمباکو مکمل طور پر چھوڑ دینا۔ |
زیادہ وزن اور جسمانی سرگرمی کی کمی | ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کی خرابی کا امکان بڑھاتے ہیں۔ | باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور وزن کو مناسب حد میں رکھنا۔ |
عمر اور فیملی ہسٹری | فالج کے بنیادی خطرے پر اثر ڈالتے ہیں۔ | دوسرے رسک فیکٹرز کا باقاعدہ جائزہ اور مناسب میڈیکل فالو اپ۔ |
اینیورزم اور خون کی نالیوں کی خرابیاں | کچھ خرابیاں دماغ کے اندر یا اردگرد بلیڈنگ کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔ | اسپیشلسٹ کا معائنہ، اور ضرورت کے مطابق مانیٹرنگ یا علاج۔ |
پہلے فالج یا TIA | دوبارہ فالج یا دماغ کی خون کی نالیوں سے جڑا کوئی اور مسئلہ ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ | اصل وجہ کی جانچ اور دوبارہ فالج سے بچاؤ کا علاج (سیکنڈری پریوینشن)۔ |
رسک فیکٹرز کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے، لیکن کوئی ایک احتیاطی قدم فالج کے امکان کو مکمل ختم نہیں کرتا۔ جن لوگوں میں کئی رسک فیکٹرز ہوں، خاندان میں فالج کی نمایاں ہسٹری ہو، یا پہلے دماغ کی خون کی نالیوں سے جڑا کوئی مسئلہ ہو چکا ہو، ان کے لیے میڈیکل معائنہ اہم ہے۔
فالج کے خلاف ہماری جنگ: دی ماڈرن ہاسپٹل آپ کا مددگار
ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور ہائی کولیسٹرول اکثر بغیر کسی واضح علامت کے ہوتے ہیں۔ انسان خود کو صحت مند محسوس کرتا ہے، جبکہ یہ بیماریاں آہستہ آہستہ دماغ کو خون پہنچانے والی نالیوں کو متاثر کر رہی ہوتی ہیں۔
جس شخص میں کئی رسک فیکٹرز ہوں یا خاندان میں فالج کی ہسٹری ہو، اس کے لیے اپنے خطرے کو سمجھنا لمبے عرصے تک اپنی صحت کی حفاظت کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
دی ماڈرن ہاسپٹل میں فالج کے خطرے کا جائزہ مریض کی میڈیکل ہسٹری، موجودہ بیماریوں اور اُن علامات کو سمجھنے سے شروع ہوتا ہے جو اسے محسوس ہوئی ہوں۔
سنگین پیچیدگیوں سے پہلے خطرات کی پہچان
کنسلٹیشن کے دوران اُن صحت کے مسائل کی نشاندہی کا موقع ملتا ہے جن پر توجہ کی ضرورت ہے، خاص طور پر وہ جو ابھی تک تشخیص نہیں ہوئے یا ٹھیک سے کنٹرول میں نہیں ہیں۔
ڈاکٹرز مریض کی حالت کے مطابق ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں، جن میں بلڈ پریشر کی پیمائش، کولیسٹرول ٹیسٹ، بلڈ شوگر اور HbA1c ٹیسٹ، اور ضرورت کے مطابق دل کے معائنے شامل ہیں۔
جن مریضوں میں دل کی دھڑکن کی خرابی کا شک ہو، ان کے لیے ہسپتال کا کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ایٹریل فیبریلیشن جیسی بیماریوں کا معائنہ کرتا ہے، جو کلاٹ سے ہونے والے فالج کی ایک اہم وجہ ہے۔
جب نیورولوجیکل علامات یا خون کی نالیوں سے متعلق کچھ خاص نتائج کی مزید جانچ ضروری ہو، تو نیورولوجی کے اسپیشلسٹ کا معائنہ اور مناسب امیجنگ مزید معلومات فراہم کرتے ہیں۔
ان ٹیسٹس سے یہ طے ہوتا ہے کہ کن رسک فیکٹرز کا علاج ضروری ہے اور کن کی صرف مانیٹرنگ جاری رکھنی ہے۔ ہر مریض کو ایک جیسے ٹیسٹس کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ٹیسٹ رزلٹس سے آپ کا اپنا کیئر پلان
ہائی بلڈ پریشر یا کولیسٹرول کی خرابی کا پتہ چلنے پر کچھ عملی سوال ذہن میں آتے ہیں:
مسئلہ کتنا سنگین ہے؟
کن ادویات کی ضرورت ہے؟
روزمرہ کی کون سی عادتیں بدلنی ہوں گی؟
طبی معائنہ ان سوالوں کے جواب کے لیے ضروری معلومات فراہم کرتا ہے۔
شوگر کے مریض کے لیے بلڈ شوگر کا بہتر کنٹرول خون کی نالیوں کو صحت مند رکھتا ہے۔ ایٹریل فیبریلیشن والے مریض کے لیے مناسب علاج کلاٹ کے دماغ تک پہنچنے کا خطرہ کم کرتا ہے۔ جب ایک ساتھ کئی بیماریاں ہوں، تو انہیں ایک ہی ٹریٹمنٹ پلان کے تحت کنٹرول کرنا خاص طور پر اہم ہو جاتا ہے۔
دی ماڈرن ہاسپٹل کی کارڈیالوجی، ڈائیبیٹالوجی اور نیورولوجی سروسز مناسب علاج اور میڈیکل فالو اپ کے ذریعے مریضوں کو ان بیماریوں کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
اگلا قدم اٹھائیں
اپنے رسک فیکٹرز جاننے سے آپ کو فالج سے بچاؤ کے لیے ایک واضح آغاز ملتا ہے۔ باقاعدہ چیک اپ، تجویز کردہ علاج پر عمل اور موجودہ بیماریوں کی مانیٹرنگ سے فالج کا امکان کم ہو جاتا ہے، اگرچہ کوئی بھی احتیاطی طریقہ اس خطرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتا۔
دی ماڈرن ہاسپٹل مین یونیورسٹی روڈ، بلاک 7، گلشنِ اقبال، سفاری پارک کے سامنے، کراچی میں واقع ہے۔ اپوائنٹمنٹ اور اسپیشلسٹ کنسلٹیشن کی معلومات کے لیے 111-864-864 پر رابطہ کریں۔
اگر آپ کو یا آپ کے آس پاس کسی کو اچانک چہرہ ایک طرف لٹکنے، بازو میں کمزوری، بولنے میں دشواری یا فالج کی کوئی اور وارننگ سائن محسوس ہو تو فوراً ایمرجنسی سروسز کو کال کریں۔ عام اپوائنٹمنٹ کا انتظار نہ کریں۔
