
بریسٹ کینسر کے اسٹیجز: علاج کی منصوبہ بندی میں اسٹیج کا کیا مطلب ہے
اہم نکات
بریسٹ کینسر کے اسٹیجز سمجھنے سے آپ کو اپنی تشخیص اور ڈاکٹرز کے علاج کی منصوبہ بندی کے طریقے واضح ہوتے ہیں۔ اسٹیجنگ سے پتہ چلتا ہے کہ کینسر کتنا پھیل چکا ہے، جبکہ اضافی ٹیسٹس سے کینسر کی وہ خصوصیات سامنے آتی ہیں جو علاج کے انتخاب پر اثر ڈالتی ہیں۔
اسٹیج 0 سے IV: اسٹیج 0 کا مطلب نان انویسیو ڈکٹل کارسینوما اِن سیٹو (DCIS) ہے، جبکہ اسٹیج IV کا مطلب ہے کہ کینسر جسم کے دور کے حصوں تک پھیل چکا ہے۔
اسٹیجنگ کیسے ہوتی ہے: بیماری کی حد جاننے کے لیے ڈاکٹرز ٹیومر کا سائز (T)، لمف نوڈز کا متاثر ہونا (N) اور دور تک پھیلاؤ (M) دیکھتے ہیں۔
کینسر کی خصوصیات اہم ہیں: ٹیومر گریڈ، ہارمون ریسیپٹر اسٹیٹس اور HER2 اسٹیٹس سے اضافی معلومات ملتی ہیں جو اسٹیجنگ اور علاج کے فیصلوں پر اثر ڈالتی ہیں۔
علاج ہر مریض کے لیے الگ ہوتا ہے: اسٹیج علاج کی منصوبہ بندی میں رہنمائی کرتا ہے، لیکن آپ کی مجموعی صحت اور کینسر کی حیاتیاتی خصوصیات بھی تجویز کردہ علاج پر اثر ڈالتی ہیں۔
میڈیکل ریویو نوٹ: اس آرٹیکل کا جائزہ دی ماڈرن ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر نے لیا ہے۔ یہ عام میڈیکل معلومات فراہم کرتا ہے اور آپ کی ہیلتھ کیئر ٹیم کے انفرادی معائنے، اسٹیجنگ یا علاج کے مشوروں کا متبادل نہیں ہے۔
بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بعد آپ کے ذہن میں دو سوال آ سکتے ہیں:
کیا کینسر پھیل چکا ہے، اور اب آگے کیا ہوگا؟
چاہے آپ کی تشخیص بریسٹ میں گلٹی یا کسی اور تشویشناک تبدیلی کی جانچ کے بعد ہوئی ہو یا اسکریننگ میں، بریسٹ کینسر کے اسٹیجز کو سمجھنا اپنے نتائج کو سمجھنے کا ایک اہم حصہ ہے۔
2024 میں پاکستان میں خواتین میں کینسر کی نئی تشخیصوں کا اندازاً 44 فیصد بریسٹ کینسر تھا۔ یہ اعداد و شمار بیماری کی وسعت دکھاتے ہیں، لیکن آپ کی انفرادی تشخیص کو زیادہ قریب سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
اسٹیج طے کرنے اور مناسب علاج کی منصوبہ بندی کے لیے ڈاکٹرز دیکھتے ہیں کہ کینسر کتنا پھیل چکا ہے، اور ساتھ ہی ٹیومر گریڈ اور ہارمون ریسیپٹر اسٹیٹس جیسے عوامل کا بھی جائزہ لیتے ہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ بریسٹ کینسر کے ہر مرحلےکا کیا مطلب ہے، ڈاکٹرز اسے کیسے طے کرتے ہیں، اور یہ نتائج آپ کے علاج کے آپشنز پر کیسے اثرانداز ہوتے ہیں۔
ڈاکٹرز بریسٹ کینسر کا اسٹیج کیسے طے کرتے ہیں: TNM اور ٹیومر بائیولوجی
اگر آپ کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے تو آپ کی میڈیکل رپورٹس میں T، N اور M جیسے حروف کے ساتھ ER پازیٹو یا HER2 نیگیٹو جیسے الفاظ دیکھے ہونگے ہر نتیجہ ڈاکٹر کو کینسر کے بارے میں کچھ الگ بتاتا ہے اور مناسب علاج طے کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ڈاکٹرز تین اہم خصوصیات جانچنے کے لیے TNM اسٹیجنگ سسٹم استعمال کرتے ہیں:
ٹیومر (T):
بنیادی ٹیومر کا سائز اور یہ کہ آیا یہ بریسٹ کی جلد یا سینے کی دیوار تک پہنچ گیا ہے۔
نوڈز (N):
کیا کینسر قریبی لمف نوڈ تک پہنچ گیا ہے، جن میں بغل کے نیچے یا ہنسلی کی ہڈی کے آس پاس کے نوڈ شامل ہیں۔
میٹاسٹیسس (M):
کیا کینسر جسم کے دور کے حصوں تک پھیل گیا ہے۔ M0 کا مطلب ہے کہ دور تک پھیلاؤ نہیں ملا، جبکہ M1 کا مطلب ہے کہ کینسر دور کے حصوں تک پھیل چکا ہے۔
ڈاکٹر امیجنگ، معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کے نتائج کو بھی دیکھتے ہیں۔ بریسٹ بائیوپسی سے لیا گیا ٹشو کا نمونہ، جو کبھی کبھی امیجنگ کی رہنمائی میں کیے گئے پروسیجرز سے لیا جاتا ہے، کینسر کی حیاتیاتی خصوصیات کے بارے میں معلومات دیتا ہے۔ پیتھالوجی رپورٹ میں عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے:
ایسٹروجن ریسیپٹرز (ER):
کیا کینسر کے سیلز میں ایسٹروجن کے ریسیپٹرز ہیں۔ ER پازیٹو کینسر اکثر ہارمون روکنے والے علاج سے ٹھیک ہوتے ہیں۔
پروجیسٹرون ریسیپٹرز (PR):
کیا کینسر سیلز میں پروجیسٹرون ریسیپٹرز پائے جاتے ہیں، جو ہارمونز کے لیے ان کی حساسیت کو ظاہر کرتے ہیں؟
HER2 اسٹیٹس:
کیا کینسر کے سیلز میں HER2 پروٹین بہت زیادہ ہے؟ اس سوال کی بنا پر HER2 ٹارگٹڈ علاج کا فیصلہ ہوتا ہے
ٹیومر گریڈ:
خوربین کے نیچے کینسر کے سیلز کتنے غیر معمولی نظر آتے ہیں۔ گریڈ 1 کے سیلز عام طور پر صحت مند سیلز سے زیادہ ملتے جلتے ہوتے ہیں، جبکہ گریڈ 3 کے سیلز میں عام طور پر تیزی سے بڑھنے والی خصوصیات ہوتی ہیں۔
ڈاکٹرز ان سب نتائج کو ملا کر کینسر کا اسٹیج طے کرتے ہیں۔ آپ کا ابتدائی کلینیکل اسٹیج:
معائنے
امیجنگ
بائیوپسی کے نتائج
پر مبنی ہوتا ہے۔ اگر علاج سرجری سے شروع ہو تو نکالے گئے ٹشو کے معائنے سے پیتھالوجیکل اسٹیجنگ کے لیے اضافی معلومات مل سکتی ہیں۔
بریسٹ کینسر کے مراحل: مرحلہ 0 سے مرحلہ IV تک
بریسٹ کینسر کے اسٹیجز 0 سے IV (چار) تک ہوتے ہیں۔ عام طور پر نمبر جتنا زیادہ ہو، بیماری اتنی ہی زیادہ پھیلی ہوئی ہوتی ہے۔ نیچے دی گئی تفصیل بنیادی فرق بتاتی ہے، لیکن یاد رہے کہ آپ کا اصل اسٹیج ٹیومر کے گریڈ اور بائیولوجیکل مارکرز پر بھی منحصر ہوتا ہے۔
اسٹیج 0: نہ پھیلنے والا کینسر
اسٹیج 0 عام طور پر ڈکٹل کارسینوما اِن سیٹو (DCIS) کو کہتے ہیں، جس میں غیر معمولی سیل بریسٹ کی دودھ کی نالیوں کے اندر ہی رہتے ہیں اور آس پاس کے ٹشو میں نہیں پھیلتے۔ علاج میں عام طور پر سرجری شامل ہوتی ہے، اور نتائج کے مطابق کبھی کبھی ریڈی ایشن تھراپی یا ہارمون تھراپی بھی تجویز کی جاتی ہے۔
اسٹیج I: ابتدائی اسٹیج کا بریسٹ کینسر
اسٹیج I میں عام طور پر ایک چھوٹا انویسیو کینسر ہوتا ہے جو صرف بریسٹ تک محدود ہوتا ہے یا قریبی لمف نوڈز تک بہت کم پہنچا ہوتا ہے۔ علاج میں اکثر سرجری شامل ہوتی ہے، اور ٹیومر کی خصوصیات کے مطابق اضافی علاج تجویز کیا جاتا ہے۔
اسٹیج II: زیادہ مقامی پھیلاؤ والا بریسٹ کینسر
اسٹیج II میں ٹیومر کے سائز اور قریبی لمف نوڈز کے متاثر ہونے کے کچھ خاص امتزاج شامل ہیں۔ کچھ مریضوں میں ٹیومر بڑا ہوتا ہے لیکن لمف نوڈز متاثر نہیں ہوتے، جبکہ کچھ میں ٹیومر چھوٹا ہوتا ہے لیکن قریبی نوڈز تک پہنچ چکا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر سرجری، سرجری سے پہلے یا بعد میں دوائیں، ریڈی ایشن تھراپی، یا ان کا امتزاج تجویز کر سکتے ہیں۔
اسٹیج III: لوکلی ایڈوانسڈ بریسٹ کینسر
اسٹیج III میں عام طور پر بیماری بریسٹ یا قریبی لمف نوڈز میں زیادہ پھیل جاتا ہے۔ کینسرچھاتی کی جلد تک بھی پہنچ سکتا ہے، لیکن اس مرحلے میں بھی کیسر جسم میں اپنے ابتدائی حصے سے زیادہ دور نہیں پھیلتا۔ علاج میں اکثر دوائیں، سرجری اور ریڈی ایشن تھراپی شامل ہوتی ہیں اور ان کی ترتیب آپ کی تشخیص پر منحصر ہے۔
اسٹیج IV: میٹاسٹیٹک بریسٹ کینسر
اسٹیج IV کا مطلب ہے کہ چھاتی کا کینسر اپنے ابتدائی حصے سے جسم کے دور کے حصوں تک پھیل چکا ہے، جیسے:
ہڈیاں
پھیپھڑے
جگر
دماغ
علاج کا مرکزی نقطہ عام طور پر:
کینسر کو بڑھنے سے روکنا
علامات کو قابو کرنا
زندگی کا معیار برقرار رکھنا ہوتا ہے
دستیاب علاج کے متبادل میں ٹیومر بائیولوجی، پچھلے علاج اور آپ کی مجموعی صحت پر منحصر ہوتے ہیں۔
ہرمرحلے میں آپ کی آنکولوجی ٹیم علاج کے ساتھ ساتھ آپکو انفرادی نتائج سمجھاتی ہے تاکہ آپ بہتر سوال پوچھ سکیں اور اپنے علاج کے با اختیار فیصلے کر سکیں۔
بریسٹ کینسر کے مراحل: بیماری کا پھیلاؤ اورعلاج کی منصوبہ بندی
آپ کا بریسٹ کینسر اسٹیج بیماری کی حد اور ان علاجوں کو سمجھنے کا نقطۂ آغاز ہے جن پر آپ کی میڈیکل ٹیم غور کرے گی۔ نیچے دی گئی ٹیبل بریسٹ کینسر کے پانچ اہم اسٹیجز، ان کی عمومی خصوصیات اور علاج کے عام پہلوؤں کا موازنہ کرتی ہے۔
اسٹیج | ٹیومر (T) | لمف نوڈز (N) | دور تک پھیلاؤ (M) | علاج کی منصوبہ بندی |
اسٹیج 0 | غیر معمولی سیلز نالیوں کے اندر ہی رہتے ہیں | کوئی پھیلاؤ نہیں | M0 | سرجری، کبھی ریڈی ایشن یا ہارمون تھراپی کے ساتھ |
اسٹیج I | عام طور پر چھوٹا انویسیو ٹیومر | کوئی نہیں یا بہت محدود | M0 | سرجری، اور انفرادی نتائج کے مطابق اضافی علاج |
اسٹیج II | چھوٹے سے بڑے ٹیومر تک | کوئی نہیں یا کچھ قریبی نوڈز | M0 | سرجری اور منتخب اضافی علاج |
اسٹیج III | کوئی بھی سائز؛ بریسٹ کی جلد یا سینے کی دیوار تک پہنچ سکتا ہے | اکثر آس پاس کے نوڈز میں زیادہ پھیلاؤ | M0 | سسٹمک تھراپی، سرجری اور ریڈی ایشن کا امتزاج |
اسٹیج IV | کوئی بھی سائز | نوڈز کی کوئی بھی حالت | M1 | سسٹمک علاج، علامات کا کنٹرول اور سپورٹیو کیئر |
یہ تفصیل بیماری کے پھیلاؤ کے عمومی اندازوں کا خلاصہ ہے۔ آپ کا اصل مرحلہ ٹیومر گریڈ اور بائیولوجیکل مارکرز مدِنظر رکھ کر طے کیا جاتا ہے۔ اسٹیج I سے III میں علاج کا مقصد عام طور پر کینسر کو نکالنا یا ختم کرنا اور اس کے دوبارہ ہونے کا خطرہ کم کرنا ہوتا ہے۔
اسٹیج IV میں علاج کا مقصف بیماری کو قابو کرنا، علامات میں کمی لانا اور زندگی کا معیار برقرار رکھنے پر ہوتا ہے۔
کلینیکل بمقابلہ پیتھالوجیکل اسٹیجنگ: تشخیص میں مدد دینے والے ٹیسٹ کونسے ہوتے ہیں؟
آپ کی میڈیکل رپورٹس میں کلینیکل اسٹیج اور پیتھالوجیکل اسٹیج دونوں کا شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ دونوں ٹیسٹ آپ کے کینسر کے بارے میں نتائج بتاتے ہیں، لیکن یہ آپ کے علاج کے مختلف مرحلوں پر جمع کی گئی معلومات پر مشتمل ہوتے ہیں۔
کلینیکل اسٹیجنگ:
ڈاکٹر علاج سے پہلے معائنے کے نتائج، بریسٹ امیجنگ، لمف نوڈز کی جانچ اور بائیوپسی کے نتائج کی بنیاد پر کینسر کا جائزہ لیتے ہیں۔
پیتھالوجیکل اسٹیجنگ:
اگر علاج سرجری سے شروع ہو تو نکالے گئے بریسٹ ٹشو اور لمف نوڈز کے معائنے سے پیتھالوجیکل اسٹیج کے لیے اضافی معلومات حاصل ہوتی ہے۔
اگر آپ کو سرجری سے پہلے دوائیں دی جائیں تو سرجری کی پیتھالوجی رپورٹ میں یہ درج ہوتا ہے کہ کینسر نے اس علاج پر کیسا ردِعمل دیا۔ آپ کا اصل کلینیکل اسٹیج ایک اہم حوالہ رہتا ہے۔
کیا آپ کو CT، بون اسکین یا PET-CT کی ضرورت ہے؟
ڈاکٹر آپ کے معائنے کے نتائج، ابتدائی رزلٹس اور کینسر پھیلنے کی طرف اشارہ کرنے والی علامات کے مطابق اسٹیجنگ کے ٹیسٹ چنتے ہیں۔ بریسٹ اور قریبی لمف نوڈز کی جانچ کے لیے عام طور پر میموگرافی اور الٹراساؤنڈ استعمال ہوتے ہیں۔ اضافی ڈائیگنوسٹک امیجنگ میں یہ شامل ہو سکتے ہیں:
CT اسکین:
سینے اور پیٹ جیسے حصوں میں مشکوک تبدیلیوں کی جانچ کرتا ہے۔
بون اسکین:
ہڈیوں میں کینسر کی ممکنہ موجودگی کی جانچ کرتا ہے۔
PET-CT:
میٹابولک اور اناٹومیکل امیجنگ کو ملا کر کچھ خاص حالات میں کینسر کے مشتبہ پھیلاؤ کی جانچ کرتا ہے۔
ہر کسی کو یہ ٹیسٹس کروانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ جب اسٹیج I یا II کی تشخیص ہو اور کوئی تشویشناک علامت نہ ہو تو دور تک پھیلاؤ کے لیے روٹین اسکینز عام طور پر ضروری نہیں ہوتے۔ ڈاکٹرز اسٹیج III میں یا جب کلینیکل نتائج سے میٹاسٹیسس کا شک ہو تو اضافی امیجنگ پر زیادہ غور کرتے ہیں۔
بریسٹ کینسر کا اسٹیج علاج کی منصوبہ بندی پر کیسے اثر ڈالتا ہے
اگر دو لوگوں کو اسٹیج II بریسٹ کینسر کی تشخیص ہو تو کیا دونوں کا علاج ایک جیسا ہوگا؟
ان کے علاج میں کافی فرق ہو سکتا ہے۔ ایک ٹیومر ہارمون روکنے والی دوا سے ٹھیک ہو سکتا ہے، جبکہ دوسرے کو HER2 کے خلاف علاج کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ آپ کی عمر، مینوپاز کی حالت، مجموعی صحت اور ذاتی ترجیحات بھی فیصلوں پر اثر ڈالتی ہیں۔
آپ کی آنکولوجی ٹیم علاج تجویز کرتے وقت اور یہ طے کرتے وقت کہ کون سا علاج پہلے ہو، ان سب نتائج کو مدِنظر رکھتی ہے۔
سرجری اور ریڈی ایشن تھراپی
سرجری میں لمپیکٹومی یا ماسٹیکٹومی کے ذریعے بریسٹ سے کینسر نکالا جاتا ہے۔ آپ کی تشخیص کے مطابق سرجن قریبی لمف نوڈز کا معائنہ بھی کر سکتے ہیں یا انہیں نکال بھی سکتے ہیں۔
ریڈی ایشن تھراپی کچھ حالات میں تجویز کی جاتی ہے تاکہ بریسٹ، سینے کی دیوار یا آس پاس کے لمف نوڈز میں کینسر دوبارہ ہونے کا خطرہ کم ہو۔ آپ کی سرجری کے نتائج سے طے ہوتا ہے کہ اس کی ضرورت ہے یا نہیں۔
سرجری سے پہلے یا بعد میں علاج
کبھی کبھی ڈاکٹرز ٹیومر کا سائز کم کرنے یا یہ دیکھنے کے لیے کہ کینسر علاج پر کیسا ردِعمل دیتا ہے، سرجری سے پہلے دوائیں تجویز کرتے ہیں۔ اسے نیو ایڈجوونٹ تھراپی کہتے ہیں، اور اس میں عام طور پر کیموتھراپی شامل ہوتی ہے، کبھی ٹارگٹڈ علاج یا امیونوتھراپی کے ساتھ۔
سرجری کے بعد دی جانے والی دوا کو ایڈجوونٹ تھراپی کہتے ہیں۔ آپ کی تشخیص کے مطابق اس میں کیموتھراپی، ہارمون تھراپی یا ٹارگٹڈ دوائیں شامل ہو سکتی ہیں، جن کا مقصد کینسر دوبارہ ہونے کا خطرہ کم کرنا ہے۔
بریسٹ کینسر کا علاج ٹیومر کی حیاتیاتی خصوصیات کے مطابق مختلف ہوتا ہے:
ہارمون ریسیپٹر پازیٹو کینسر:
ہارمون تھراپی کینسر کے سیلز پر ایسٹروجن کا اثر کم کرتی ہے یا ایسٹروجن کی پیداوار کم کرتی ہے۔
HER2 پازیٹو کینسر:
HER2 ٹارگٹڈ دوائیں کینسر کے بڑھنے میں شامل HER2 راستے کے خلاف کام کرتی ہیں۔
ٹرپل نیگیٹو بریسٹ کینسر:
کیموتھراپی علاج کا ایک اہم آپشن ہے، اور اہل مریضوں کے لیے امیونوتھراپی یا دوسری دواؤں پر بھی غور کیا جاتا ہے۔
آپ کی میڈیکل ٹیم طے کرتی ہے کہ کون سے علاج مناسب ہیں، ان کی ترتیب کیا ہوگی، اور آپ کے ردِعمل کی نگرانی کیسے کی جائے گی۔
آپ کا اسٹیج آپ کا انفرادی آؤٹ لک طے کیوں نہیں کرتا
اسٹیج نمبر ڈاکٹر کو کینسر کے بارے میں اہم معلومات دیتا ہے، لیکن یہ ہر سوال کا جواب نہیں دیتا کہ آپ کا علاج کیسے آگے بڑھے گا۔ اگر آپ اپنی تشخیص کا موازنہ کسی اور سے کر رہی ہیں تو یاد رکھیں کہ کئی اضافی نتائج علاج کے فیصلوں اور نتائج پر اثر ڈالتے ہیں۔
ٹیومر بائیولوجی:
ہارمون ریسیپٹرز، HER2 اسٹیٹس اور ٹیومر گریڈ علاج کے انتخاب پر اثر ڈالتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ کینسر کیسا برتاؤ کرتا ہے۔
علاج پر ردِعمل:
جب سرجری سے پہلے دوائیں دی جائیں تو بعد میں باقی بچے کینسر کا معائنہ مفید معلومات دیتا ہے۔ پیتھالوجیکل کمپلیٹ رسپانس، یعنی بریسٹ اور جانچے گئے لمف نوڈز میں کوئی انویسیو کینسر باقی نہ ملنا، بریسٹ کینسر کی کچھ اقسام میں بہتر نتائج سے جڑا ہے۔
اضافی ٹیسٹ رزلٹس:
ڈاکٹر Ki-67 جیسے مارکرز کو بھی دیکھ سکتے ہیں، جو سیلز کے بڑھنے کی رفتار بتاتا ہے۔ اس کی کلینیکل افادیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے یہ ہر علاج کے فیصلے کے لیے ضروری نہیں۔
مجموعی صحت:
پہلے سے موجود بیماریاں، دل کی کارکردگی اور علاج برداشت کرنے کی صلاحیت اس بات پر اثر ڈالتی ہیں کہ کون سی دوائیں اور پروسیجرز مناسب ہیں۔
آبادی کے اعداد و شمار مریضوں کے گروپس کے بارے میں عمومی معلومات دیتے ہیں۔ آپ کی تشخیص کا انفرادی جائزہ ضروری ہے، جس میں آپ کے کروائے گئے ٹیسٹس اور آپ کے کینسر کے لیے دستیاب علاج شامل ہیں۔
اپنے آنکولوجسٹ سے پوچھیں کہ آپ کے کیس میں کون سے نتائج سب سے اہم ہیں، کوئی خاص علاج کیوں تجویز کیا گیا ہے، اور ٹیم آپ کی پیش رفت کا جائزہ کیسے لے گی۔
آنکولوجی اپوائنٹمنٹ کی تیاری اور مسلسل معاونت
اسٹیجنگ کے رزلٹس ملنے کے بعد آپ کے ذہن میں آگے کے بارے میں کئی سوال ہو سکتے ہیں۔ آپ کے آنکولوجسٹ نتائج سمجھائیں گے، لیکن پہلے سے چند سوال تیار رکھنے سے تشخیص سمجھنا اور علاج کے فیصلوں میں حصہ لینا آسان ہو جاتا ہے۔ یہ سوالات پوچھنے پر غور کریں:
اپنے اسٹیج کے بارے میں:
میرا بریسٹ کینسر اسٹیج کیا ہے، اور کیا علاج شروع ہونے سے پہلے مجھے کسی اضافی ٹیسٹ کی ضرورت ہے؟
پیتھالوجی رزلٹس کے بارے میں:
میرے ہارمون ریسیپٹر اور HER2 رزلٹس کا میرے لیے دستیاب علاج پر کیا مطلب ہے؟
ٹریٹمنٹ پلان کے بارے میں:
کیا پہلے سرجری ہوگی، یا سرجری سے پہلے دوائیں زیادہ مناسب ہوں گی؟
علاج کے دوران:
کون سے سائیڈ ایفیکٹس متوقع ہیں، کن علامات پر فوری توجہ ضروری ہے، اور کوئی فکر ہو تو مجھے کس سے رابطہ کرنا چاہیے؟
آپ کو کنسلٹیشن کی ہر بات یاد رکھنے کی ضرورت نہیں۔ نوٹس لیں، یا اگر آپ اضافی سہارا چاہتی ہیں تو گھر کے کسی بھروسے مند فرد کو ساتھ لے جائیں۔
اپنی بائیوپسی رپورٹس، امیجنگ رزلٹس، نسخے اور موجودہ دواؤں کی فہرست ایک ساتھ رکھیں۔ درست ریکارڈ رکھنا اور متعلقہ معلومات اپنی ہیلتھ کیئر ٹیم کو دینا ہسپتال میں جاری کیئر کے دوران مریض کی حفاظت کا اہم حصہ ہے، خاص طور پر جب آپ کے علاج میں کئی اسپیشلسٹس شامل ہوں۔
دی ماڈرن ہاسپٹل میں بریسٹ کینسر کی تشخیص اور آنکولوجی کیئر
اپنا اسٹیج سمجھنا بریسٹ کینسر کے علاج کی منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے۔ دی ماڈرن ہاسپٹل میں ہماری کلینیکل ٹیمیں ہر مریض کی انفرادی ضروریات کے مطابق ڈائیگنوسٹک جانچ، اسپیشلسٹ کنسلٹیشن اور علاج کی منصوبہ بندی کو ایک ساتھ لاتی ہیں۔ ہماری سروسز میں شامل ہیں:
بریسٹ امیجنگ اور بائیوپسی:
ہمارا ریڈیالوجی اینڈ امیجنگ ڈیپارٹمنٹ بریسٹ کینسر کی جانچ کے لیے میموگرافی، الٹراساؤنڈ اور امیجنگ کی رہنمائی میں بائیوپسی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
پیتھالوجی اور بائیومارکر کی جانچ:
بائیوپسی کے نتائج، ہسٹولوجیکل گریڈ، اور ہارمون ریسیپٹر اور HER2 رزلٹس سے وہ معلومات ملتی ہیں جن سے اسپیشلسٹس کینسر کا جائزہ لیتے ہیں اور علاج کے آپشنز پر غور کرتے ہیں۔
اسپیشلسٹ آنکولوجی کیئر:
آنکولوجی کنسلٹیشنز میں اسٹیجنگ رزلٹس، علاج کے مشورے، دواؤں کے آپشنز اور فالو اپ کی ضروریات پر بات کی جاتی ہے۔
سرجیکل جانچ:
ہمارا جنرل سرجری ڈیپارٹمنٹ بریسٹ سرجری کی سہولت فراہم کرتا ہے، اور سرجری کے فیصلے ہر مریض کی تشخیص اور کلینیکل نتائج کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔
مریض کی پرائیویسی اور آرام:
ہم میڈیکل معائنے کے دوران عزت اور پردے کی اہمیت سمجھتے ہیں۔ اپوائنٹمنٹ بک کرتے وقت آپ اپنی پرائیویسی سے متعلق ضروریات اور خاتون کلینیکل اسٹاف کی ترجیح کے بارے میں بات کر سکتی ہیں، جو دستیابی سے مشروط ہے۔
مین یونیورسٹی روڈ، بلاک 7، گلشنِ اقبال، سفاری پارک کے سامنے واقع دی ماڈرن ہاسپٹل کراچی اسپیشلسٹ کنسلٹیشن، ڈائیگنوسٹک سروسز اور کینسر کیئر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اگر آپ کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے یا اپنے اسٹیجنگ رزلٹس کے بارے میں مزید وضاحت چاہیے تو آنکولوجی اپوائنٹمنٹ کے لیے 021-111-864-864 پر رابطہ کریں۔
اپنا اسٹیج سمجھیں اور اگلے قدموں کی منصوبہ بندی کریں
بریسٹ کینسر کی تشخیص کے ساتھ اہم فیصلے آتے ہیں، اور اپنا اسٹیج سمجھنے سے آپ ان گفتگوؤں میں زیادہ اعتماد کے ساتھ حصہ لے سکتی ہیں۔
آپ کے پیتھالوجی نتائج، امیجنگ رزلٹس اور مجموعی صحت، سب آپ کو ملنے والے علاج کے مشوروں میں کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر آپ کی رپورٹ کا کوئی حصہ واضح نہیں تو اپنے آنکولوجسٹ سے پوچھیں کہ ان نتائج کا آپ کی کیئر پر کیا مطلب ہے اور اگلے کون سے فیصلے کرنے ہیں۔
اکثر پوچھے جانے والے سوالات
کیا بریسٹ میں بڑی گلٹی کا مطلب خود بخود اسٹیج IV کینسر ہے؟
نہیں۔ اسٹیج IV بریسٹ کینسر کا مطلب ہے کہ بیماری جسم کے دور کے حصوں تک پھیل چکی ہے۔ بڑا ٹیومر جو صرف بریسٹ اور قریبی لمف نوڈز تک محدود ہو، اپنے پھیلاؤ اور حیاتیاتی خصوصیات کے مطابق کسی پچھلے اسٹیج میں آ سکتا ہے۔
پہلی بائیوپسی کے بعد ڈاکٹر نے میرا اسٹیج کنفرم کیوں نہیں کیا؟
بائیوپسی سے کینسر کی نشاندہی ہوتی ہے اور اس کی خصوصیات کے بارے میں معلومات ملتی ہیں، لیکن اسٹیجنگ کے لیے ٹیومر کے پھیلاؤ اور ممکنہ دور تک پھیلاؤ کی جانچ بھی ضروری ہے۔ اسٹیج کنفرم کرنے سے پہلے ڈاکٹر کو اضافی امیجنگ، لمف نوڈز کی جانچ یا پیتھالوجی رزلٹس کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
کیا مجھے اپنے بریسٹ کینسر اسٹیج کے بارے میں سیکنڈ اوپینین لینی چاہیے؟
اگر آپ کے ذہن میں اپنی تشخیص یا تجویز کردہ علاج کے بارے میں سوالات ہیں تو آپ سیکنڈ اوپینین لے سکتی ہیں۔ دوسرا اسپیشلسٹ آپ کی موجودہ رپورٹس کا جائزہ لے کر آپ سے نتائج پر بات کر سکتا ہے۔ اپنے آنکولوجسٹ سے پوچھیں کہ کیا کوئی فیصلہ ایسا ہے جس میں وقت اہم ہو۔
کیا علاج کے دوران اسٹیجنگ ٹیسٹ دوبارہ کیے جائیں گے؟
آپ کے آنکولوجسٹ یہ دیکھنے کے لیے کہ کینسر علاج پر کیسا ردِعمل دے رہا ہے، فالو اپ معائنے، امیجنگ یا دوسرے ٹیسٹس تجویز کر سکتے ہیں۔ ٹیسٹس اور ان کی فریکوئنسی آپ کے اسٹیج، ٹریٹمنٹ پلان، علامات اور پچھلے نتائج پر منحصر ہے۔
