
فالج کی علامات اور FAST نشانیاں: فوراً قدم اٹھائیں
اہم باتیں
فالج (اسٹروک) کی علامات اچانک ظاہر ہوتی ہیں اور فوری طبی امداد مانگتی ہیں۔ خطرے کی نشانیاں پہچاننا اور بغیر دیر کیے قدم اٹھانا دماغ کو نقصان سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
FAST نشانیاں: چہرہ ایک طرف ڈھلک جانا، بازو میں کمزوری اور بولنے میں مشکل فالج کی اہم نشانیاں ہیں۔
FAST کے علاوہ: اچانک نظر چلی جانا، توازن بگڑنا، شدید چکر اور غیر معمولی طور پر شدید سر درد بھی خطرے کی نشانیاں ہیں۔
وقت سب سے اہم ہے: فوراً ایمرجنسی سروس کو کال کریں اور نوٹ کر لیں کہ علامات کب شروع ہوئیں۔
وقتی علامات کو نظرانداز نہ کریں: فالج جیسی علامات ختم بھی ہو جائیں تو ممکنہ منی اسٹروک (ٹی آئی اے) کے لیے فوراً ایمرجنسی میں دکھانا ضروری ہے۔
فوری طبی انتباہ: فالج کی اچانک علامات ظاہر ہوں تو فوراً ایمرجنسی طبی امداد لیں۔ کراچی میں ایمبولینس کے لیے ریسکیو 1122 پر کال کریں، چاہے علامات ختم ہی کیوں نہ ہو جائیں۔ بہتری کا انتظار نہ کریں، مریض کو کچھ کھانے پینے کو نہ دیں، اسپرین نہ دیں، اور اسے خود گاڑی نہ چلانے دیں۔
فالج اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کے کسی حصے تک خون کا بہاؤ رک جائے یا کوئی خون کی نالی پھٹ جائے اور دماغ کے اندر یا اردگرد خون بہنے لگے۔ دونوں صورتوں میں فوری طبی معائنہ ضروری ہے، کیونکہ یہ دماغ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور حرکت، بولنے اور دیکھنے جیسے اہم کاموں کو متاثر کرتے ہیں۔
اسکیمک اسٹروک میں جلدی کرنا اور بھی ضروری ہے کیونکہ اس میں بند شریان دماغی خلیوں کو آکسیجن سے محروم کر دیتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق بڑی شریان بند ہونے والا اسٹروک اگر علاج کے بغیر رہے تو ہر منٹ میں تقریباً 19 لاکھ دماغی خلیے ختم ہو جاتے ہیں۔
خطرے کی نشانیاں پہچاننے سے مریض کو بروقت علاج ملنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، شوگر، سگریٹ نوشی، ہائی کولیسٹرول اور دل کی بیماریاں فالج کا خطرہ بڑھاتی ہیں، اس لیے ان بیماریوں والے لوگوں کے لیے یہ معلومات اور بھی اہم ہیں۔
فالج کو پہچانیں: FAST نشانیوں کی وضاحت
FAST نشانیاں چہرے، بازوؤں اور بولنے میں اچانک تبدیلی پہچاننے کا ایک آسان طریقہ ہیں۔
جو شخص ایک لمحہ پہلے ٹھیک بات کر رہا تھا، وہ اچانک لفظ بولنے، بازو اٹھانے یا ٹھیک سے مسکرانے میں مشکل محسوس کرنے لگتا ہے۔ کبھی کبھی مریض کو خود پتا ہی نہیں چلتا کہ کچھ غلط ہے، اس لیے گھر والوں، دوستوں اور ساتھیوں کا فوری ردِعمل بہت اہم ہو جاتا ہے۔ FAST کا مطلب ہے:
چہرہ (Face)
بازو (Arms)
بولنا (Speech)
وقت (Time):
F: چہرہ ڈھلک جانا
چہرے کی حرکت میں اچانک تبدیلی، خاص طور پر منہ کے اردگرد۔ مریض سے مسکرانے کو کہیں اور دیکھیں کہ چہرے کے دونوں حصے برابر حرکت کر رہے ہیں یا نہیں۔
اگر منہ کا ایک کونا نیچے ڈھلک جائے یا مسکراہٹ واضح طور پر ٹیڑھی لگے تو یہ خطرے کی نشانی ہے۔ چہرے کا سُن ہونا یا چہرے کے ایک حصے پر کنٹرول نہ رہنا بھی فوری توجہ مانگتا ہے۔
A: بازو میں کمزوری
مریض سے دونوں بازو سامنے اٹھانے کو کہیں۔ دیکھیں کہ کہیں ایک بازو نیچے تو نہیں گر رہا یا اسے اٹھانے میں مشکل تو نہیں ہو رہی؟
ایک بازو میں اچانک کمزوری، سُن ہونا یا اس پے قابو نہ رہنا فالج کی بڑی نشانی ہے۔ یہی علامات ٹانگ میں یا جسم کے پورے ایک حصے میں بھی ہو سکتی ہیں۔
S: بولنے میں مشکل
مریض سے کوئی آسان جملہ دہرانے کو کہیں، جیسےکہ،
"آج بہت اچھا دن ہے۔"
دھیان سے سنیں کہ زبان لڑکھڑا تو نہیں رہی، بات عجیب تو نہیں لگ رہی، یا پورا جملہ بولنے میں مشکل تو نہیں ہو رہی۔ کچھ مریضوں کو صحیح الفظ نہیں چن پاتے، جبکہ کچھ کو دوسروں کی بات سمجھنے میں مشکل ہوتی ہے۔
بولنے یا زبان میں اچانک تبدیلی ہو تو فوراً ایمرجنسی میں دکھائیں، چاہے چہرہ اور بازو بالکل ٹھیک لگ رہے ہوں۔
T: فوراً قدم اٹھائیں
FAST کی کوئی بھی نشانی نظر آئے تو فوراً ایمرجنسی سروس کو کال کریں۔ نوٹ کر لیں کہ علامات پہلی بار کب ظاہر ہوئیں، یا آخری بار مریض کب بالکل ٹھیک تھا۔ یہ معلومات ایمبولینس ٹیم اور ایمرجنسی ڈاکٹروں کو ضرور بتائیں۔
یہ وقت اس لیے اہم ہے کہ فالج کے کچھ علاج اس بات پر منحصر ہوتے ہیں کہ دماغ کتنی دیر سے متاثر ہے اور اسکین میں کیا نظر آتا ہے۔ FAST کی ہر نشانی چیک کرنے کے چکر میں ایمبولینس بلانے میں دیر نہ کریں۔
ایک بھی اچانک نشانی ایمرجنسی مدد لینے کے لیے کافی ہے۔
FAST کے علاوہ: فالج کی دوسری علامات جنہیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے
FAST فالج کی عام نشانیاں بتاتا ہے، لیکن کچھ اسٹروک دماغ کے ان حصوں کو متاثر کرتے ہیں جو نظر، توازن اور جسم کی ہم آہنگی کنٹرول کرتے ہیں، اور ان میں چہرے یا بازو کی واضح کمزوری نظر نہیں آتی۔
یہ علامات خاص طور پر ان اسٹروکس میں اہم ہیں جو دماغ کے پچھلے حصے کی خون کی نالیوں کو متاثر کرتے ہیں، جو برین اسٹیم، سیریبیلم (دماغ کا توازن والا حصہ) اور نظر سے متعلق حصوں کو خون پہنچاتی ہیں۔
ان اچانک تبدیلیوں پر نظر رکھیں:
1. شدید چکر اور توازن بگڑنا
مریض اچانک لڑکھڑانے لگتا ہے، سیدھا چلنے میں مشکل ہوتی ہے یا جسم پر کنٹرول نہیں رہتا۔ شدید چکر، یعنی ایسا محسوس ہونا جیسے سب کچھ گھوم رہا ہو، اگر اس کے ساتھ چلنے میں مشکل، دہری نظر یا کوئی اور اعصابی علامت ہو تو فوراً ڈاکٹر کو دکھائیں۔ کبھی کبھی ان علامات کے ساتھ متلی اور الٹی بھی ہوتی ہے۔
اگرچہ چکر آنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، لیکن اچانک توازن یا کنٹرول ختم ہونا فالج کی ایک مانی ہوئی نشانی ہے۔
2. نظر میں اچانک تبدیلی
فالج کی وجہ سے نظر میں اچانک دھندلاہٹ، دہری نظر، یا ایک یا دونوں آنکھوں کی نظر چلی جانا ہو سکتا ہے۔
کچھ مریضوں کو دیکھنے کے دائرے کا کچھ حصہ نظر آنا بند ہو جاتا ہے، جبکہ کچھ کو فوکس کرنے یا آنکھوں کی حرکت میں مشکل ہوتی ہے۔
ایک آنکھ کی نظر اچانک چلی جائے تو بھی فوراً ایمرجنسی میں دکھائیں، کیونکہ یہ آنکھ کے پردے (ریٹینا) یا اسے خون پہنچانے والی شریانوں میں خون رکنے کی نشانی ہو سکتی ہے۔ یہ علامات اہم ہیں چاہے بولنا اور حرکت بالکل ٹھیک ہو۔
3. اچانک شدید سر درد
ایسا انتہائی شدید سر درد جو چند سیکنڈ یا ایک منٹ میں اپنی انتہا کو پہنچ جائے، اسے تھنڈرکلیپ ہیڈیک کہتے ہیں۔
یہ ایک میڈیکل ایمرجنسی ہے کیونکہ یہ خطرناک حالتوں سے جڑا ہوتا ہے، جیسے دماغ کے اردگرد خون بہنا، جسے سب ایریکنائیڈ ہیمرج کہتے ہیں۔ اس سر درد کے ساتھ کبھی الٹی، گردن میں اکڑاؤ یا ہوش میں تبدیلی بھی ہوتی ہے۔
اچانک غیر معمولی طور پر شدید سر درد ہو تو فوراً ایمرجنسی میں دکھائیں، خاص طور پر اگر یہ ایسا درد ہو جو مریض نے پہلے کبھی محسوس نہ کیا ہو۔
4. اچانک ذہنی الجھن یا سُن پن
اچانک ذہنی الجھن، ہدایات سمجھنے میں مشکل، یا جسم کے ایک حصے کا اچانک سُن ہو جانا بھی فالج کی نشانی ہو سکتا ہے۔
کچھ مریض بھٹک جاتے ہیں یا روزمرہ کے جانے پہچانے کام بھی نہیں کر پاتے۔ کچھ میں واضح کمزوری کے بغیر احساس میں بڑی تبدیلی آ جاتی ہے۔
ضروری نہیں کہ فالج میں FAST کی ہر علامت ظاہر ہو۔
نظر، توازن، احساس یا سمجھنے میں اچانک کوئی تبدیلی ہو تو فوراً ایمرجنسی مدد لیں۔
منی اسٹروک (ٹی آئی اے): وقتی علامات بھی ایمرجنسی کیوں ہیں
کسی کی زبان اچانک لڑکھڑانے لگے، ایک بازو کمزور ہو جائے یا چہرہ ڈھلک جائے، اور چند منٹ میں سب ٹھیک ہو جائے۔
اس بہتری کو صحتیابی سمجھ لینا آسان ہے، لیکن فالج جیسی وقتی علامات بھی خطرے کی سنگین نشانی ہیں۔
ٹرانزینٹ اسکیمک اٹیک (ٹی آئی اے)، جسے عام طور پر منی اسٹروک کہتے ہیں، اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کے کسی حصے میں خون کا بہاؤ کچھ دیر کے لیے رک جائے۔ اس کی علامات فالج جیسی ہوتی ہیں لیکن خون کا بہاؤ بحال ہوتے ہی ختم ہو جاتی ہیں۔
ٹی آئی اے میں اسکیمک اسٹروک کی طرح دماغ کو مستقل نقصان نہیں ہوتا۔ لیکن ڈاکٹر کے معائنے کے بغیر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ختم ہونے والی علامات ٹی آئی اے ہی تھیں۔ کبھی دماغ کے اسکین سے پتا چلتا ہے کہ مریض بظاہر ٹھیک ہونے کے باوجود اسکیمک اسٹروک ہو چکا ہے۔
منی اسٹروک کتنا سنگین ہے؟
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ٹی آئی اے کے بعد 90 دن کے اندر فالج کا خطرہ 17.8 فیصد تک پہنچ گیا ہے، اور ان میں سے تقریباً آدھے فالج پہلے دو دن کے اندر ہوتے ہیں۔ یہ خطرہ ہر مریض میں مختلف ہوتا ہے، لیکن پیغام صاف ہے:
وقتی علامات میں بھی فوراً ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے۔
ٹی آئی اے اکثر خون کی نالیوں یا دل میں کسی مسئلے کی نشانی ہوتا ہے، جیسے شریانوں کا تنگ ہونا، خون کے لوتھڑے یا دل کی بے ترتیب دھڑکن۔ بروقت معائنہ نہ ہو تو اصل وجہ کا پتا نہیں چلتا اور دوبارہ ایسا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔
ٹی آئی اے کے شبہ میں کیا ہوتا ہے؟
ایمرجنسی ڈاکٹر علامات، بیماری کی ہسٹری اور خطرے کے عوامل دیکھ کر طے کرتے ہیں کہ مریض کو ٹی آئی اے ہوا ہے، اسکیمک اسٹروک ہوا ہے، یا کوئی اور بیماری ہے جس کی علامات ملتی جلتی ہیں۔ اس جانچ میں یہ ٹیسٹ شامل ہو سکتے ہیں:
دماغ کا اسکین:
سی ٹی یا ایم آر آئی اسکین، تاکہ فالج یا علامات کی کسی اور وجہ کا پتا چل سکے۔
خون کی نالیوں کا اسکین:
ایسے ٹیسٹ جو دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں میں تنگی یا رکاوٹ کا پتا لگاتے ہیں۔
دل کا معائنہ:
ای سی جی اور دوسرے ٹیسٹ، تاکہ دل کی بے ترتیب دھڑکن یا خون کے لوتھڑوں کے ممکنہ ذریعے کا پتا چل سکے۔
خطرے کے عوامل کی جانچ:
بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور فالج سے جڑی دوسری بیماریوں کا جائزہ۔
علاج ٹیسٹوں کے نتائج پر منحصر ہوتا ہے۔ ڈاکٹر مناسب احتیاطی دوائیں دیتے ہیں، جن میں کچھ مریضوں کے لیے خون پتلا کرنے والی دوائیں (اینٹی پلیٹلیٹ یا اینٹی کوایگولنٹ) شامل ہوتی ہیں، اور خطرے کے بنیادی عوامل کا علاج کرتے ہیں۔
جلد معائنہ اور علاج اگلے فالج کا خطرہ کم کرتا ہے۔
اگر طبی مدد پہنچنے سے پہلے علامات ختم ہو جائیں تو بھی ایمبولینس کینسل نہ کریں اور فوری ہسپتال کا رخ کریں۔
دل کی بیماریاں فالج کا سبب کیسے بنتی ہیں
کچھ اسکیمک اسٹروک دماغ کی شریان کے بجائے دل کے اندر بننے والے خون کے لوتھڑے سے شروع ہوتے ہیں۔ جب یہ لوتھڑا ٹوٹ کر خون کے ساتھ بہتا ہے تو دماغ کی کسی شریان کو بند کر دیتا ہے۔ ڈاکٹر اسے کارڈیو ایمبولک اسٹروک کہتے ہیں۔
دل کی وجہ سے ہونے والے فالج معذوری کی ایک بڑی وجہ ہیں، خاص طور پر جب لوتھڑا کسی بڑی شریان کو بند کر کے دماغ کے بڑے حصے کا خون روک دے۔ دل کی کئی بیماریاں یہ خطرہ بڑھاتی ہیں۔
1. ایٹریل فیبریلیشن اور ایٹریل فلٹر
ایٹریل فیبریلیشن (اے ایف) دل کی ایک بے ترتیب دھڑکن ہے جس میں دل کے اوپری خانے ٹھیک سے نہیں سکڑتے۔
جب دل کے اوپری خانوں میں خون ٹھیک سے نہیں بہتا تو وہ کہیں جمع ہو کر لوتھڑا بنا سکتا ہے، خاص طور پر ایک چھوٹی تھیلی میں جسے لیفٹ ایٹریل اپینڈیج کہتے ہیں۔ یہ لوتھڑا خون میں شامل ہو کر دماغ تک پہنچ سکتا ہے اور اسکیمک اسٹروک کر سکتا ہے۔
اے ایف کبھی کبھی بغیر کسی علامت کے ہوتا ہے، اس لیے فالج کے خطرے والے لوگوں کے لیے دل کی دھڑکن کا مناسب معائنہ ضروری ہے۔
2. دل کے والو کی بیماری
خراب یا غیر معمولی والو خون کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالتے ہیں اور کچھ حالات میں لوتھڑے بننے کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ روماٹک مائٹرل والو کی بیماری، مصنوعی (میکینیکل) والو اور انفیکٹو اینڈوکارڈائٹس ان بیماریوں میں شامل ہیں جو لوتھڑے والے فالج سے جڑی ہیں۔
3. ہارٹ اٹیک کے بعد خون کے لوتھڑے
ہارٹ اٹیک دل کے پٹھے کو نقصان پہنچاتا ہے، اور کبھی بائیں وینٹریکل کا کچھ حصہ ٹھیک سے سکڑ نہیں پاتا۔ اس حصے میں جمع ہونے والا خون لوتھڑا بن سکتا ہے جو بعد میں دماغ تک پہنچ سکتا ہے۔ ڈاکٹر دل کے اسکین اور دوسرے ٹیسٹوں سے اس خطرے کا اندازہ لگاتے ہیں۔
4. پیٹنٹ فورامن اوویل (پی ایف او)
پیٹنٹ فورامن اوویل دل کے اوپری خانوں کے درمیان ایک چھوٹا سا سوراخ ہے جو پیدائش کے بعد بند نہیں ہوتا۔ کچھ حالات میں نسوں سے آنے والا لوتھڑا اس سوراخ سے گزر کر شریانوں میں پہنچ جاتا ہے اور دماغ تک جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر اسے پیراڈوکسیکل ایمبولزم کہتے ہیں۔
پی ایف او والے زیادہ تر لوگوں کو کبھی فالج نہیں ہوتا، اس لیے علاج کا فیصلہ کرنے سے پہلے احتیاط سے دیکھا جاتا ہے کہ کیا واقعی اس سوراخ کا فالج میں کوئی کردار تھا۔
کارڈیالوجسٹ دوبارہ فالج سے بچاؤ میں کیسے مدد کرتے ہیں
خون کے لوتھڑے کی اصل جگہ کا پتا لگانا دوبارہ فالج سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔ مریض کی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں:
الیکٹروکارڈیوگرام (ای سی جی):
دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتا ہے اور دھڑکن کی خرابیوں کا پتا لگاتا ہے۔
ہولٹر یا لمبے وقت تک دل کی نگرانی:
دل کی ان بے ترتیب دھڑکنوں کا پتا لگاتا ہے جو کبھی کبھار ہوتی ہیں اور عام ای سی جی میں ہمیشہ نظر نہیں آتیں۔
ایکو کارڈیوگرافی:
الٹراساؤنڈ کے ذریعے دل کی بناوٹ، والو کی کارکردگی اور خون کے لوتھڑوں کے ممکنہ ذرائع دیکھتا ہے۔
دل کی بیماریوں کے خطرے کی جانچ:
ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں جیسے مسائل کا جائزہ لیتا ہے جو فالج کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
ایٹریل فیبریلیشن کے جو مریض علاج کے معیار پر پورا اترتے ہیں، انہیں اکثر لوتھڑے سے ہونے والے فالج کا خطرہ کم کرنے کے لیے خون پتلا کرنے والی دوا دی جاتی ہے۔ کون سی دوا لینی ہے اور کب سے شروع کرنی ہے، یہ مریض کی ہسٹری، فالج کی رپورٹ اور خون بہنے کے خطرے پر منحصر ہوتا ہے۔
فالج کی ایمرجنسی تشخیص اور علاج میں ہر منٹ کیوں قیمتی ہے
جب کوئی مریض فالج کی علامات کے ساتھ ہسپتال پہنچتا ہے تو سب سے پہلے یہ دیکھا جاتا ہے کہ دماغ کی کوئی نالی بند ہوئی ہے یا خون بہہ رہا ہے۔
یہ فرق بہت اہم ہے کیونکہ اسکیمک اور ہیمرجک اسٹروک کا علاج مختلف ہے۔ خون کا لوتھڑا گھولنے والی دوا اس مریض کو نہیں دی جا سکتی جس کے دماغ میں خون بہہ رہا ہو۔
اسی لیے ایمرجنسی میں اعصابی معائنہ، خون کے ٹیسٹ اور فوری دماغی اسکین ایک ساتھ کیے جاتے ہیں۔
فالج کے ایمرجنسی معائنے میں کیا ہوتا ہے؟
فالج کی جانچ میں عام طور پر یہ مراحل شامل ہوتے ہیں:
1. فوری طبی معائنہ
ایمرجنسی ٹیم سانس، آکسیجن لیول، بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور ہوش کی حالت چیک کرتی ہے۔
ڈاکٹر یہ بھی معلوم کرتے ہیں کہ مریض آخری بار کب بالکل ٹھیک تھا۔ یہ معلومات وقت کے لحاظ سے حساس علاج کا فیصلہ کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
2. شوگر کا ٹیسٹ
بلڈ شوگر فوراً چیک کی جاتی ہے کیونکہ شوگر بہت کم ہونے سے بھی فالج جیسی علامات ہو سکتی ہیں، جیسے ذہنی الجھن، کمزوری اور بولنے میں مشکل۔ شوگر کی خرابی کا پتا لگا کر اسے ٹھیک کرنا محفوظ علاج کے لیے بھی ضروری ہے۔
3. اعصابی معائنہ
ڈاکٹر چہرے کی حرکت، بازوؤں اور ٹانگوں کی طاقت، احساس، بولنے، نظر اور جسم کی ہم آہنگی کا جائزہ لیتے ہیں۔ ایک مانا ہوا پیمانہ، نیشنل انسٹیٹیوٹس آف ہیلتھ اسٹروک اسکیل (این آئی ایچ ایس ایس)، ڈاکٹروں کو اعصابی نقصان ناپنے اور علاج کے دوران تبدیلیوں پر نظر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
4. دماغ کا ایمرجنسی اسکین
اسکین سے پتا چلتا ہے کہ خون بہہ رہا ہے یا نہیں، اور دماغ کو کہاں اور کتنا نقصان ہوا ہے۔
بغیر کنٹراسٹ کے سی ٹی اسکین:
دماغ میں خون بہنے کی زیادہ تر صورتوں کا جلد پتا لگاتا ہے اور فالج کے شبہ میں ڈاکٹروں کی مدد کرتا ہے۔ شروع کا اسکیمک اسٹروک پہلے اسکین میں ہمیشہ نظر نہیں آتا۔
سی ٹی انجیوگرافی (سی ٹی اے):
دماغ کو خون پہنچانے والی نالیوں کا جائزہ لیتی ہے تاکہ بڑی رکاوٹوں اور نالیوں کی دوسری خرابیوں کا پتا چل سکے۔
ایم آر آئی یا سی ٹی پرفیوژن اسکین:
ضرورت کے مطابق متاثرہ دماغی حصے کے بارے میں مزید معلومات دیتا ہے۔
یہ ٹیسٹ ایمرجنسی علاج میں بلاوجہ دیر کیے بغیر علاج کا فیصلہ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اسکیمک اسٹروک کا علاج کیسے ہوتا ہے؟
علاج کا مقصد خطرے میں پڑے دماغی حصے تک خون کا بہاؤ بحال کرنا اور پیچیدگیاں کم کرنا ہوتا ہے۔ اس کے دو اہم طریقے ہیں:
انٹراوینس تھرومبولائسز
معذوری پیدا کرنے والے اسکیمک اسٹروک کے اہل مریضوں کو ڈرپ کے ذریعے لوتھڑا گھولنے والی دوا دی جاتی ہے، جیسے الٹیپلیز یا ٹینیکٹیپلیز۔
عام طور پر یہ علاج علامات شروع ہونے یا مریض کے آخری بار ٹھیک دیکھے جانے کے 4.5 گھنٹے کے اندر دیا جاتا ہے۔ فالج کے کچھ منتخب مریضوں کو اس وقت کے بعد بھی یہ علاج دیا جا سکتا ہے۔ مریض اس علاج کا اہل ہے یا نہیں، یہ ڈاکٹر کے معائنے، دماغی اسکین اور حفاظتی پہلوؤں کو دیکھ کر طے ہوتا ہے۔
میکینیکل تھرومبیکٹومی
جن منتخب مریضوں کی کوئی بڑی شریان بند ہو، ان میں اسپیشلسٹ کیتھیٹر کے ذریعے متاثرہ نالی سے لوتھڑا براہِ راست نکال دیتے ہیں۔
بڑی شریان والے اسکیمک اسٹروک کے اہل مریضوں کے لیے میکینیکل تھرومبیکٹومی ایک مستند علاج ہے۔ رکاوٹ کی جگہ، دماغی اسکین اور دوسری رپورٹس کے مطابق کچھ مریضوں کو علامات شروع ہونے کے 24 گھنٹے تک اس علاج سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
علاج جتنی جلدی ہو سکے شروع ہونا چاہیے، چاہے علاج کا وقت لمبا ہی کیوں نہ ہو۔
اہم بات: علاج کے یہ اوقات صرف یہ بتاتے ہیں کہ کون سا علاج کب تک کرا جا سکتا ہے۔ یہ ایمرجنسی مدد لینے کی آخری حد نہیں ہیں۔ فالج کی اچانک علامات ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں، چاہے علامات کسی بھی وقت شروع ہوئی ہوں۔ ہسپتال کی ایمرجنسی مدد کے لیے 111-864-864 پر کال کریں۔ کراچی میں ایمرجنسی ایمبولینس کے لیے ریسکیو 1122 بھی دستیاب ہے۔
فالج کے بعد نیورولوجی اور اسپیشلسٹ کی نگرانی
ایمرجنسی علاج دماغ کو درپیش فوری خطرہ ختم کرتا ہے، لیکن فالج کے بعد بھی مریض کو مسلسل طبی نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
پہلے چند دنوں میں ڈاکٹر اعصابی تبدیلیوں پر نظر رکھتے ہیں، پیچیدگیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور اصل وجہ تلاش کرتے ہیں۔ انہی نتائج کی بنیاد پر آگے کا علاج اور دوبارہ فالج سے بچاؤ کے اقدامات طے ہوتے ہیں۔
تحقیق سے بار بار ثابت ہوا ہے کہ جن مریضوں کا علاج فالج کی مخصوص ٹیمیں مل کر کرتی ہیں، ان کے نتائج بہتر ہوتے ہیں۔
1. دماغی سوجن پر نظر رکھنا
بڑے اسکیمک اسٹروک میں کبھی متاثرہ دماغی حصے میں سوجن ہو جاتی ہے۔ شدید سوجن کھوپڑی کے اندر دباؤ بڑھا دیتی ہے اور اردگرد کے دماغی حصوں کے لیے خطرہ بن جاتی ہے۔ ڈاکٹر اعصابی تبدیلیوں پر نظر رکھتے ہیں اور ضرورت کے مطابق اسکین کرتے ہیں تاکہ حالت بگڑنے کا پتا چل سکے۔
علاج سوجن کی شدت پر منحصر ہے، جس میں دوائیں یا کچھ منتخب صورتوں میں فوری نیورو سرجری شامل ہو سکتی ہے۔
2. بلڈ پریشر کنٹرول کرنا
بلڈ پریشر کا علاج فالج کی قسم اور دیے گئے علاج کے مطابق مختلف ہوتا ہے۔ کچھ اسکیمک اسٹروک میں بلڈ پریشر بہت تیزی سے کم کرنے سے پہلے سے کمزور دماغی حصے تک خون کا بہاؤ کم ہو جاتا ہے۔ جن مریضوں کو تھرومبولائسز دیا گیا ہو، ان کے لیے خون بہنے کا خطرہ کم کرنے کی خاطر بلڈ پریشر کی خاص حدیں رکھی جاتی ہیں۔
ہیمرجک اسٹروک میں طریقہ مختلف ہے، جہاں مناسب مریضوں میں مزید خون بہنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے بلڈ پریشر احتیاط سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اسی لیے ڈاکٹر ہر مریض کی حالت کے مطابق بلڈ پریشر کا ہدف طے کرتے ہیں۔
3. شوگر، بخار اور دوسری پیچیدگیوں پر نظر رکھنا
شوگر کی خرابی، بخار اور آکسیجن کی کمی فالج سے صحتیابی کو مشکل بنا دیتے ہیں۔ طبی ٹیم ان چیزوں پر نظر رکھتی ہے اور خرابیوں کا علاج کرتی ہے، لیکن ایسے حد سے زیادہ سخت اقدامات سے بچتی ہے جو نئے خطرات پیدا کریں۔
مسلسل نگرانی سے اعصابی حالت بگڑنے، دوروں، انفیکشن اور دوسری پیچیدگیوں کا بھی جلد پتا چل جاتا ہے، تاکہ فوری علاج ہو سکے۔
4. نگلنے میں مشکلات کا معائنہ
فالج اکثر نگلنے والے پٹھوں اور اعصاب کو متاثر کرتا ہے۔ جن مریضوں کو نگلنے میں مشکل ہو، ان میں کھانا، پانی یا دوا سانس کی نالی میں جانے کا خطرہ ہوتا ہے، جس سے نمونیا کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
منہ سے کچھ بھی کھلانے پلانے سے پہلے کسی تربیت یافتہ ہیلتھ پروفیشنل سے نگلنے کا معائنہ کروانا چاہیے۔ جن مریضوں کو اضافی مدد چاہیے، انہیں مناسب غذائی اور نگلنے سے متعلق علاج دیا جاتا ہے۔
وجہ کا پتا لگانا اور دوبارہ فالج سے بچاؤ
ڈسچارج سے پہلے ڈاکٹر تمام ٹیسٹوں کا جائزہ لیتے ہیں اور طے کرتے ہیں کہ آئندہ خطرہ کم کرنے کے لیے کون سا علاج ضروری ہے۔ اس جائزے میں:
دماغ کا اسکین
خون کی نالیوں کے ٹیسٹ
دل کی دھڑکن کی نگرانی
بلڈ پریشر
شوگر اور کولیسٹرول
کی جانچ شامل ہے۔ احتیاطی علاج فالج کی وجہ کے مطابق مختلف ہوتا ہے۔ کچھ مریضوں کو اینٹی پلیٹلیٹ دوا دی جاتی ہے، جبکہ دل کی بعض بیماریوں میں اینٹی کوایگولنٹ دوا کی ضرورت ہوتی ہے۔
فالج کی اقسام: علامات، تشخیص اور ایمرجنسی علاج
فالج کی مختلف اقسام دماغ کو مختلف طریقوں سے متاثر کرتی ہیں۔ علامات پہچاننا ضروری ہے، لیکن فالج کی قسم اور علاج صرف ڈاکٹر کا معائنہ اور مناسب اسکین ہی طے کر سکتے ہیں۔
فالج کی قسم | کیا ہوتا ہے | عام نشانیاں | تشخیص اور علاج |
|---|---|---|---|
بڑی شریان والا اسکیمک اسٹروک | دماغ کو خون پہنچانے والی کوئی بڑی شریان بند ہو جاتی ہے۔ | جسم کے ایک حصے میں اچانک کمزوری، چہرہ ڈھلک جانا، بولنے میں مشکل یا نظر چلی جانا۔ | دماغ کا ایمرجنسی سی ٹی اسکین اور نالیوں کا اسکین۔ اہل مریضوں کو تھرومبولائسز، میکینیکل تھرومبیکٹومی یا دونوں دیے جاتے ہیں۔ |
لیکونر اسٹروک | دماغ کے اندرونی حصے کو خون پہنچانے والی کوئی چھوٹی شریان بند ہو جاتی ہے۔ | اچانک کمزوری، سُن پن یا جسم کی ہم آہنگی میں مسئلہ، کبھی بولنے یا نظر کی علامات کے بغیر۔ | سی ٹی یا ایم آر آئی اسکین۔ علاج فالج کی شدت، وقت اور دوسری طبی باتوں پر منحصر ہے۔ |
انٹراسیریبرل ہیمرج | کوئی خون کی نالی پھٹ جاتی ہے اور دماغ کے اندر خون بہنے لگتا ہے۔ | اچانک اعصابی کمزوری، شدید سر درد، الٹی یا ہوش کم ہونا۔ | دماغ کا ایمرجنسی سی ٹی اسکین، بلڈ پریشر کنٹرول اور اسپیشلسٹ کا معائنہ۔ کچھ منتخب مریضوں کو سرجری کی ضرورت ہوتی ہے۔ |
سب ایریکنائیڈ ہیمرج | دماغ کے اردگرد خون بہنے لگتا ہے، اکثر کسی کمزور نالی (اینیورزم) کے پھٹنے کے بعد۔ | اچانک تھنڈرکلیپ سر درد، الٹی، گردن میں اکڑاؤ یا بے ہوشی۔ | ایمرجنسی سی ٹی اسکین اور ضرورت کے مطابق مزید ٹیسٹ۔ علاج میں خون بہنے کی جگہ کو بند کرنے کے لیے اسپیشلسٹ اقدامات شامل ہیں۔ |
ٹرانزینٹ اسکیمک اٹیک (ٹی آئی اے) | دماغ کے کسی حصے میں خون کا بہاؤ کچھ دیر کے لیے رک جاتا ہے، لیکن دماغ کو مستقل نقصان کا ثبوت نہیں ملتا۔ | فالج جیسی علامات جو ختم ہو جاتی ہیں، جیسے تھوڑی دیر کی کمزوری، بولنے میں مشکل یا نظر چلی جانا۔ | فوری ایمرجنسی معائنہ، دماغ اور نالیوں کے ٹیسٹ، اور اگلے فالج سے بچاؤ کا علاج۔ |
اوپر دی گئی کسی بھی حالت کا شبہ ہو تو فوراً ایمرجنسی میں دکھائیں۔
علامات کا ختم ہو جانا، شدید سر درد نہ ہونا یا فالج کی قسم کے بارے میں یقین نہ ہونا، ایمرجنسی سروس کو کال کرنے میں کبھی دیر کی وجہ نہیں بننا چاہیے۔
فزیوتھراپی کے ذریعے فالج سے بحالی
فالج سے صحتیابی صرف دماغ کی ابتدائی چوٹ کے علاج تک محدود نہیں۔ فالج سے بچ جانے والے بہت سے لوگوں کو کمزوری، چلنے میں مشکل، جسم کی ہم آہنگی میں کمی، یا کپڑے پہننے، کھانے اور نہانے جیسے روزمرہ کاموں میں مشکل ہوتی ہے۔
فالج کے بعد بحالی کا مقصد ان صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور مریض کو جتنا ہو سکے خود مختار بنانا ہے۔ مریض کی حالت مستحکم ہوتے ہی، انفرادی معائنے کے بعد بحالی شروع کر دی جاتی ہے، بہتر یہ ہے کہ پہلے 48 گھنٹوں کے اندر۔ تھراپی کب اور کتنی ہوگی، یہ فالج کی شدت، طبی حالت اور جسمانی صلاحیتوں پر منحصر ہے۔
پہلے 24 گھنٹوں میں مریض کو زیادہ چلانے پھرانے سے عام طور پر گریز کیا جاتا ہے کیونکہ اس سے نتائج خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
دماغ میں ایک صلاحیت ہوتی ہے جسے نیوروپلاسٹیسٹی کہتے ہیں، جس میں بچ جانے والے اعصابی راستے سیکھنے اور بار بار مشق کے ذریعے خود کو ڈھال لیتے ہیں۔ بحالی کا عمل اسی صلاحیت سے فائدہ اٹھا کر حرکت اور روزمرہ کاموں میں بہتری لاتا ہے۔
فزیوتھراپی فالج کے مریضوں کی کیسے مدد کرتی ہے؟
مریض کے معائنے میں جو جسمانی مشکلات سامنے آئیں، ان کے مطابق ایک ذاتی فزیوتھراپی پلان بنایا جاتا ہے۔
پٹھوں کی طاقت اور حرکت:
فالج سے ہونے والی کمزوری بازوؤں، ٹانگوں یا جسم کے ایک حصے کو متاثر کرتی ہے۔ فزیوتھراپسٹ رہنمائی والی ورزشوں اور حرکت کی مشق سے پٹھوں کی طاقت اور کنٹرول بہتر بناتے ہیں۔
روزمرہ کی حرکات دوبارہ سیکھنا:
چیزوں تک ہاتھ بڑھانا، برتن پکڑنا، کرسی سے اٹھنا اور بستر سے کرسی پر منتقل ہونا جیسی سرگرمیاں بار بار کرنے سے مریض روزمرہ زندگی کی ضروری حرکات کی مشق کرتے ہیں۔
چلنے اور توازن کی تربیت:
فالج کے بعد اکثر مریضوں کی چال ٹیڑھی ہو جاتی ہے، توازن کم ہو جاتا ہے یا قدموں میں ہم آہنگی نہیں رہتی۔ نگرانی میں کی جانے والی ورزشیں چلنے، جسم کے انداز، توازن اور گرنے سے بچاؤ پر توجہ دیتی ہیں۔ ضرورت کے مطابق واکر یا دوسری مدد بھی دی جاتی ہے۔
پٹھوں کی اکڑن اور جوڑوں کے مسائل:
کچھ مریضوں میں اسپاسٹیسٹی ہو جاتی ہے، یعنی پٹھوں میں اکڑن بڑھ جاتی ہے جو حرکت میں رکاوٹ بنتی ہے۔ جسم کو صحیح طریقے سے رکھنا، اسٹریچنگ، حرکت کی ورزشیں اور اسپیشلسٹ علاج اکڑن کم کرنے اور جوڑوں کو محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
صحتیابی صرف جسمانی حرکت تک محدود نہیں۔ جن مریضوں کو بات چیت، نگلنے، یادداشت یا جذباتی مسائل ہوں، انہیں متعلقہ ماہرین کے معائنے اور مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔
گھر والوں کا ساتھ بھی بہت اہم ہے۔ دیکھ بھال کرنے والوں کو یہ سیکھنا فائدہ دیتا ہے کہ مریض کو محفوظ طریقے سے کیسے سہارا دیں، تجویز کردہ ورزشیں کرنے میں کیسے حوصلہ دیں، اور ان مشکلات کو کیسے پہچانیں جن میں ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہو۔
دی ماڈرن ہسپتال میں فالج کا علاج اور بحالی
فالج کے شبہ میں فوری طبی معائنہ، جلد تشخیص اور مناسب علاج ضروری ہے۔ اس کے بعد مسلسل اعصابی جانچ اور بحالی ان پیچیدگیوں اور مشکلات کو سنبھالتی ہے جو فالج کے بعد سامنے آتی ہیں۔
دی ماڈرن ہسپتال کراچی میں ایمرجنسی علاج، اسپیشلسٹ ڈیپارٹمنٹس، ڈائیگنوسٹک اسکین اور بحالی کی سہولیات ایک ہی جگہ موجود ہیں۔
24/7 ایمرجنسی علاج
ہسپتال کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے اور فالج کے شبہ سمیت تمام فوری طبی مسائل کا معائنہ اور علاج کرتا ہے۔ چہرہ اچانک ڈھلک جانا، بازو میں کمزوری، بولنے میں مشکل یا فالج کی کوئی اور نشانی ہو تو مریض کو فوراً ایمرجنسی میں لائیں۔
نیورولوجی اور فالج کی جانچ
نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ فالج اور ٹرانزینٹ اسکیمک اٹیک (ٹی آئی اے) سمیت اعصابی بیماریوں کی جانچ اور علاج کرتا ہے۔
یہاں فالج کے فوری علاج کے لیے تھرومبولائسز اور سی ٹی پرفیوژن اسکین کی سہولت موجود ہے، جو مناسب مریضوں میں علاج کا فیصلہ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ علاج کا فیصلہ معائنے، دماغی اسکین اور مریض کی انفرادی اہلیت کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔
ڈائیگنوسٹک اسکین
اسکیمک اسٹروک اور دماغ کے اندر یا اردگرد خون بہنے میں فرق کرنے کے لیے دماغ کا اسکین ضروری ہے۔ ہسپتال کی ریڈیالوجی اور امیجنگ سروسز میں سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین کے ساتھ دوسرے ڈائیگنوسٹک ٹیسٹ بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر مریض کی حالت اور علاج کے لیے درکار معلومات کے مطابق ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں۔
فزیوتھراپی اور بحالی
فوری ایمرجنسی سنبھل جانے کے بعد مریض کی جسمانی صلاحیتوں اور بحالی کی ضروریات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
دی ماڈرن ہسپتال کی فزیوتھراپی سروسز ان لوگوں کی مدد کرتی ہیں جنہیں حرکت، طاقت، چلنے پھرنے اور روزمرہ کاموں میں مشکل ہو۔
بحالی کے اہداف مریض کی حالت اور بہتری کے مطابق طے کیے جاتے ہیں۔ دی ماڈرن ہسپتال کراچی مین یونیورسٹی روڈ، بلاک 7، گلشنِ اقبال میں سفاری پارک کے سامنے واقع ہے۔ ہسپتال کی ایمرجنسی اور ایمبولینس سروس کے لیے 021-111-864-864 پر کال کریں۔ کراچی میں ایمرجنسی ایمبولینس کے لیے ریسکیو 1122 ڈائل کریں۔
فالج کی علامات پہچانیں اور فوراً قدم اٹھائیں
فالج کا علاج خطرے کی نشانیاں پہچاننے اور بغیر دیر کیے قدم اٹھانے سے شروع ہوتا ہے۔ چہرہ اچانک ڈھلک جانا، بازو میں کمزوری، بولنے میں مشکل، نظر میں تبدیلی یا توازن بگڑنا ہو تو فوراً ایمرجنسی مدد لیں، چاہے علامات بہتر ہی کیوں نہ ہو جائیں۔
یاد رکھیں FAST: چہرہ، بازو، بولنا، وقت۔ نوٹ کر لیں کہ مریض آخری بار کب بالکل ٹھیک تھا اور ایمبولینس بلائیں۔ ایمرجنسی مدد کا انتظار کرتے ہوئے مریض کو کھانا، پانی یا اسپرین نہ دیں۔
کراچی میں ایمرجنسی مدد کے لیے ریسکیو 1122 پر کال کریں۔ دی ماڈرن ہسپتال کا 24/7 ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ مین یونیورسٹی روڈ، گلشنِ اقبال میں سفاری پارک کے سامنے واقع ہے۔ ہسپتال سے مدد کے لیے 021-111-864-864 پر رابطہ کریں۔
عام سوالات
کیا بازو میں اچانک کمزوری یا سُن پن کے بعد سو جانا ٹھیک ہے؟
نہیں۔ اچانک کمزوری، سُن پن، چہرہ ڈھلک جانا یا بولنے میں مشکل ہو تو فوراً ایمرجنسی میں دکھائیں۔ فوراً ایمرجنسی سروس کو کال کریں اور نوٹ کر لیں کہ علامات کب شروع ہوئیں۔ صبح ہونے کا انتظار نہ کریں اور آرام کر کے ٹھیک ہونے کی کوشش نہ کریں۔
فالج میں چہرہ ایک طرف کیوں ڈھلک جاتا ہے؟
دماغ چہرے کی حرکت کو ان اعصابی راستوں کے ذریعے کنٹرول کرتا ہے جو اسے چہرے کے پٹھوں سے جوڑتے ہیں۔ جب فالج ان راستوں کو متاثر کرتا ہے تو اکثر جسم کی مخالف سمت کے چہرے کے نچلے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں، جس سے مسکراہٹ ٹیڑھی یا منہ ایک طرف ڈھلکا ہوا لگتا ہے۔
فالج اور ہارٹ اٹیک میں کیا فرق ہے؟
فالج دماغ کو متاثر کرتا ہے، جبکہ ہارٹ اٹیک دل کے پٹھے کو۔ فالج اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کے کسی حصے کا خون کسی رکاوٹ سے رک جائے یا کوئی خون کی نالی پھٹ جائے۔ ہارٹ اٹیک عام طور پر دل کو خون پہنچانے والی کسی شریان میں رکاوٹ کی وجہ سے ہوتا ہے۔
کیا اچانک چکر آنا یا سر گھومنا فالج کی نشانی ہو سکتا ہے؟
اچانک شدید چکر، سر گھومنے کا احساس اور توازن بگڑنا فالج کی مانی ہوئی نشانیاں ہیں، خاص طور پر ان اسٹروکس میں جو برین اسٹیم یا سیریبیلم کو متاثر کرتے ہیں۔
یہ اور بھی سنگین ہے جب ان علامات کے ساتھ دہری نظر، بولنے میں مشکل، کمزوری یا جسم کی ہم آہنگی ختم ہونا بھی ہو۔
چکر آنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، لیکن اگر اچانک سیدھا چلنا یا توازن برقرار رکھنا ممکن نہ رہے تو فوراً ڈاکٹر کو دکھائیں۔ ایمرجنسی مدد لینے کے لیے FAST کی دوسری علامات کا انتظار نہ کریں۔
