مواد پر جائیں
کارڈیالوجی اور ہارٹ سرجری میں کیا فرق ہے؟

کارڈیالوجی اور ہارٹ سرجری میں کیا فرق ہے؟

Dr Aijazامراضِ قلب

جب ڈاکٹر کہتا ہے کہ دل کے اسپیشلسٹ کو دکھائیں، توقدرتی طور پر سوال اٹھتا ہے:

کون سا اسپیشلسٹ؟

کارڈیالوجسٹ، انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور ہارٹ سرجن، یہ سب نام ملتے جلتے لگتے ہیں، لیکن تینوں کا کام الگ ہے۔ دل کے زیادہ تر مسئلوں میں پہلے کارڈیالوجسٹ کو دکھایا جاتا ہے۔ وہ تکلیف کی وجہ ڈھونڈتا ہے، ٹیسٹ کرواتا ہے، اور بہت سی بیماریوں کا علاج بنا آپریشن کے کر دیتا ہے۔ ہارٹ سرجن کی ضرورت تب پڑتی ہے جب آپریشن کی ضرورت ہو۔ یہ فرق جاننا ضروری ہے تاکہ آپ صحیح ڈاکٹر کے پاس جائیں اور بلاوجہ کے ٹیسٹوں اور چکروں سے بچیں۔

کارڈیالوجسٹ کیا کرتا ہے؟

کارڈیالوجسٹ دل اور خون کی نالیوں کا اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہوتا ہے۔ کارڈیالوجسٹ کا کام ہے دل کی بیماری کی وجہ ڈھونڈنا، ٹیسٹ کروانا، دوائیں دینا، بیماری سے بچانا، اور ضرورت پڑے تو مریض کو سرجن کے پاس بھیجنا۔

کارڈیالوجسٹ کے پاس جائیں تو وہ آپ کا معائنہ کرے گا، بلڈ پریشر چیک کرے گا، اور ضرورت ہو تو ای سی جی، ایکو، ورزش والا ٹیسٹ یا ہولٹر مانیٹر جیسے ٹیسٹ لکھے گا۔

  • کارڈیالوجسٹ سینے میں درد، دل کی تیز دھڑکن، سانس پھولنے، بیہوشی، بلڈ پریشر یا کسی خراب رپورٹ کی وجہ ڈھونڈتا ہے۔

  • وہ دل کی نالیوں کی بیماری، دھڑکن کے مسئلوں، ہارٹ فیلیئر اور والوز کی بیماری کا علاج کرتا ہے۔

  • کچھ کارڈیالوجسٹ خاص ٹریننگ کے بعد انجیوگرافی اور اسٹنٹ جیسے کام بھی کرتے ہیں۔

  • سرجن کے پاس جانے سے پہلے اور بعد میں بھی اکثر کارڈیالوجسٹ ہی مریض کا چیک اپ کرتا رہتا ہے۔

اگر آپ سمجھ لیں کہ کارڈیالوجی میں کیا کچھ آتا ہے، تو یہ سارا عمل سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ کسی تکلیف یا رپورٹ کے بارے میں مشورہ چاہیے تو ہمارا کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ حاضر ہے۔

ہارٹ سرجن کیا کرتا ہے؟

ہارٹ سرجن وہ ڈاکٹر ہے جو دل اور بڑی خون کی نالیوں کا آپریشن کرتا ہے۔ ان کے عام آپریشن یہ ہیں:

  • بائی پاس آپریشن

  • دل کے والو کی مرمت یا تبدیلی

  • جسم کی سب سے بڑی خون کی نالی (ایورٹا) کا آپریشن

  • پیدائشی دل کے مسئلوں یا دھڑکن کے کچھ مسئلوں کے آپریشن

دل کے ہر مسئلے کا علاج آپریشن نہیں۔ سرجن کی ضرورت تب پڑتی ہے جب ٹیسٹوں سے پتا چلے کہ آپریشن سے واقعی فائدہ ہوگا، یا باقی علاج کام نہیں کریں گے۔

فرق ایک نظر میں

  • کارڈیالوجسٹ کا زیادہ کام بیماری پکڑنا، دواؤں سے علاج، بیماری سے بچانا اور مریض پر نظر رکھنا ہے۔ کچھ کارڈیالوجسٹ انجیوگرافی اور اسٹنٹ بھی کرتے ہیں۔

  • ہارٹ سرجن آپریشن کرتا ہے، جیسے دل کے کسی حصے کی مرمت کرنا یا بدلنا، یا بند نالی کے آس پاس سے خون کا نیا راستہ بنانا (بائی پاس)۔

  • بیماری پکڑنے والے زیادہ تر ٹیسٹ کارڈیالوجسٹ ہی کرواتا اور پڑھتا ہے۔

  • ہارٹ سرجن آپریشن کا فیصلہ کرنے سے پہلے رپورٹس، انجیوگرافی اور باقی معلومات دیکھتا ہے۔

  • پیچیدہ بیماری میں دونوں ڈاکٹر مل کر ایک ہی مریض کا علاج کر سکتے ہیں۔

انجیوگرافی اور اسٹینٹ والے ڈاکٹر (انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ)

یہ ایک عام غلط فہمی ہے کی دل کے آپریشن میں ڈاکٹر آپ کا سینہ کھولے بغیر علاج مکمل نہیں کرسکتا۔ اس غلط فہمی کے برعکس ایسے کچھ علاج  ہیں جو بغیر سینہ کھولے ہو جاتے ہیں۔

انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ایک باریک نالی (کیتھیٹر) کو کلائی یا ران کی نس سے دل تک لے جاتا ہے۔ اس طرح وہ 

انجیوگرافی کرتا ہے، اور ضرورت ہو تو بند نالی کو کھولتا ہے (انجیوپلاسٹی) یا اسٹینٹ ڈالتا ہے۔

اسٹنٹ اور آپریشن ایک ہی چیز نہیں۔ کون سا علاج بہتر ہے، یہ مریض کی بیماری، اس کی مجموعی صحت، اور ٹیسٹوں کے نتیجوں پر منحصر ہے۔ آپ کا حق ہے کہ ڈاکٹر آپ کو سمجھائیں کہ آپ کے لیے ایک علاج دوسرے سے بہتر کیوں ہے۔

پہلے کس ڈاکٹر کو دکھائیں؟

اگر ایمرجنسی نہیں ہے، تو عام طور پر پہلے کارڈیالوجسٹ کو دکھایا جاتا ہے۔ آپ کا فیملی ڈاکٹر بھی آپ کو کارڈیالوجسٹ کے پاس بھیج سکتا ہے۔

ہارٹ سرجن کے پاس عام طور پر تب جاتے ہیں جب کارڈیالوجسٹ کہے کہ آپریشن کی ضرورت ہے۔ کبھی کبھار سیدھا سرجن کو بھی دکھایا جاتا ہے، لیکن زیادہ تر پہلے کارڈیالوجسٹ کے ٹیسٹ ضروری ہوتے ہیں، کیونکہ ان کے بغیر سرجن آپریشن کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔

اگر سینے میں درد ہو اور ہارٹ اٹیک کا شک ہو، تو ڈاکٹر سیدھا ایمرجنسی جائیں۔

جب دونوں ڈاکٹر مل کر فیصلہ کرتے ہیں

دل کے بہت سے فیصلوں میں دو ڈاکٹروں کی رائے فائدہ مند ہوتی ہے۔ کارڈیالوجسٹ بیماری اور بغیر آپریشن والے علاج کے بارے میں بتاتا ہے، اور سرجن آپریشن، اس کے فائدے، خطرے اور آپریشن کے بعد ٹھیک ہونے کے وقت کے بارے میں بتاتا ہے۔

مریض کی اپنی مرضی اور صحت بھی فیصلے میں اہم ہوتی ہے۔

دل کی نالیوں کی پیچیدہ بیماری، والوز کی بیماری، یا جب اسٹنٹ اور آپریشن دونوں ممکن ہوں، ایسے میں دونوں ڈاکٹروں کا مل کر بات کرنا بہت ضروری ہے۔ مقصد یہ ہے کہ وہ علاج چنا جائے جو مریض کے لیے سب سے بہتر ہو۔

صحیح ڈاکٹر تک آسانی سے پہنچیں

جب ایک ساتھ کئی ڈاکٹروں کے نام سننے کو ملیں تو پریشانی ہونا فطری ہے۔ اگر آپ کو سمجھ نہیں آ رہا کہ کس کو دکھائیں، تو ماڈرن ہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سے شروع کریں۔ یہاں آپ کی تکلیف اور رپورٹس دیکھ کر بتایا جائے گا کہ آگے کس ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔

ہمارے کارڈیالوجسٹس میں سے ڈاکٹر چنیں، یا ڈاکٹرز کا شیڈول دیکھ کر اپائنٹمنٹ لیں۔ اگر آپریشن یا کسی اور اسپیشلسٹ کی ضرورت ہوئی تو کارڈیالوجسٹ آپ کو بتا دے گا۔

اکثر پوچھے جانے والے سوال

1. کیا کارڈیالوجسٹ سرجن ہوتا ہے؟

نہیں۔ کارڈیالوجسٹ دل کی بیماری پکڑتا ہے اور دواؤں سے علاج کرتا ہے۔ آپریشن ہارٹ سرجن کرتا ہے۔

2. کیا کارڈیالوجسٹ انجیوگرافی یا اسٹنٹ کر سکتا ہے؟

جی ہاں، کچھ کارڈیالوجسٹ، جنہیں انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ کہتے ہیں، یہ کام کرتے ہیں۔ لیکن یہ آپریشن نہیں ہوتا۔ آپریشن ہارٹ سرجن کرتا ہے۔

3. کیا ہارٹ سرجن سے پہلے کارڈیالوجسٹ کو دکھانا ضروری ہے؟

زیادہ تر مریض پہلے کارڈیالوجسٹ کو ہی دکھاتے ہیں، کیونکہ اسی کے ٹیسٹوں سے پتا چلتا ہے کہ آپریشن کی ضرورت ہے یا نہیں۔ لیکن یہ مریض کی حالت پر منحصر ہے۔

4. آپریشن کا فیصلہ کون کرتا ہے؟

یہ فیصلہ ٹیسٹ رپورٹس، کارڈیالوجسٹ کی رائے، سرجن کے چیک اپ، اور مریض کی صحت اور مرضی کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ پیچیدہ کیسز میں کئی ڈاکٹر مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔

5. سینے میں درد ہو تو کس ڈاکٹر کو دکھاؤں؟

اگر درد بار بار ہو رہا ہے لیکن ایمرجنسی نہیں، تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔ ہو سکتا ہے وہ آپ کو کارڈیالوجسٹ کے پاس بھیجے۔ اگر درد تیز، اچانک یا لگاتار ہو اور ہارٹ اٹیک جیسی علامات ہوں، تو فوراً ایمرجنسی جائیں۔