
دودھ پلانے والی ماں کی خوراک: کیا کھائیں، کیا گریز کریں، اور ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں
ماں بنتے ہی بہت سے نئے سوال سامنے آتے ہیں، اور ان میں سب سے عام سوال کھانے کے بارے میں ہوتا ہے۔
"مجھے کیا کھانا چاہیے؟"
"کس چیز سے پرہیز کرنا ہے؟"
اور سب سے بڑھ کر،
"کیا میرے کھانے کا اثر بچے پر پڑتا ہے؟"
ان دنوں ہر طرف سے مشورے ملتے ہیں۔ گھر کے بزرگ، رشتہ دار اور انٹرنیٹ، سب کچھ نہ کچھ بتاتے ہیں۔ ایسا لگنے لگتا ہے کہ دودھ پلانے کے لیے کوئی خاص یا مہنگی چیزیں کھانا ضروری ہے۔ لیکن دراصل ایک دودھ پلانے والی ماں کی غذا بہت سادہ ہے۔
دودھ پلانے کے دنوں میں آپ کو بس سادہ، متوازن اور باقاعدہ کھانا چاہیے، وہی جو گھر میں روز بنتا ہے۔ روٹی، دال، سبزی اور ایک گلاس دودھ، یہ کھانے آپ کی اور آپ کے بچے کی نشونما کے لیے کافی ہے۔
اس گائیڈ میں ہم بتائیں گے کہ دودھ پلانے والی ماں کو کیا کھانا چاہیے، کن چیزوں کو کم کرنا چاہیے، اور کب ڈاکٹر سے بات کرنی چاہیے۔
دودھ پلانے والی ماں کو کن چیزوں کی ضرورت ہے
اچھی خوراک کا مطلب ہے کہ جسم کو ضروری غذائیت روز ملتی رہے۔ یہ جاننا فائدہ مند ہے کہ کون سی چیز کیوں ضروری ہے اور وہ کن کھانوں میں ملتی ہے:
کیا چاہیے | کیوں ضروری ہے | کن کھانوں میں ملتا ہے |
|---|---|---|
پروٹین | جسم کو ٹھیک ہونے اور دودھ بنانے میں مدد دیتی ہے | انڈے، دال، چکن، مچھلی، لوبیا |
کیلشیم | ماں اور بچے کی ہڈیوں کے لیے ضروری | دودھ، دہی، پنیر |
آئرن | خون کی کمی اور تھکن سے بچاتا ہے | پالک، دالیں، گوشت |
وٹامن ڈی | ہڈیاں مضبوط رکھتا ہے اور بیماریوں سے بچاتا ہے | انڈے، وٹامن ڈی والا دودھ، دھوپ |
اومیگا 3 | بچے کے دماغ کی نشوونما کے لیے اچھا | مچھلی، اخروٹ، بیج |
فولک ایسڈ | جسم کی مرمت اور نشوونما کے لیے ضروری | ہری سبزیاں، لوبیا، مالٹا اور کینو جیسے پھل |
گھر میں بننے عام طور پر بننے والے پاکستانی کھانے ان میں سے زیادہ تر ضرورتیں خود ہی پوری کر دیتا ہے۔ مہنگی چیزیں خریدنے کی ضرورت نہیں۔
کیا کھائیں
دودھ پلانے والی ماں کا کھانا مہنگا یا مشکل ہونا ضروری نہیں۔ بس ہر طرح کی چیزیں کھائیں اور روز کھائیں۔ کوئی ایک "جادوئی" کھانا نہیں ہوتا۔ مقصد یہ ہے کہ آپ میں طاقت رہے اور ڈیلیوری کے بعد جسم ٹھیک ہو سکے۔
1. روز ہر طرح کی چیزیں کھائیں
اپنی پلیٹ میں یہ سب چیزیں شامل رکھیں:
اناج
روٹی، براؤن چاول، اوٹس، دلیہ
پروٹین
دالیں، چنے، لوبیا، انڈے، چکن، مچھلی
دودھ والی چیزیں
دودھ، دہی، لسی، پنیر
پھل اور سبزیاں
پالک، بھنڈی، گاجر، آم، کیلا
اچھی چکنائی
دیسی گھی (تھوڑا سا)، بادام، اخروٹ، بیج
یہ کھانے جسم کو ٹھیک ہونے میں مدد دیتے ہیں اور دن بھر طاقت بنائے رکھتے ہیں، جو نئے بچے کی دیکھ بھال میں بہت ضروری ہے۔
2. پانی پیتی رہیں
حسب ضرورت پانی پینا آپ کی صحت کے لیے اچھا ہے۔ لیکن یاد رکھیں، ضرورت سے زیادہ پانی پینے سے دودھ نہیں بڑھتا۔
جب پیاس لگے تب پانی پئیں۔
ناریل کا پانی، یخنی اور دودھ بھی پیا جاسکتا ہے۔
دودھ پلاتے وقت پانی کا گلاس پاس رکھیں۔
3. روز گھر کا کھانا کھائیں
کسی سخت ڈائٹ پلان کی ضرورت نہیں۔ مثال کے طور پر آپ کی روز مررہ ڈائٹ ایسی ہوسکتی ہے:
ناشتہ
پراٹھا، دہی اور ابلا انڈا
دوپہر کا کھانا
دال، روٹی، سبزی اور سلاد
رات کا کھانا
چکن کا سالن، چاول اور سبزی
بیچ میں بھوک لگے تو
فروٹ چاٹ، مٹھی بھر میوے، یا گھر کا بنا شیک
یہ عام کھانے ہی کافی ہیں۔ مہنگے "سپر فوڈز" کی ضرورت نہیں۔
4. یہ چیزیں آپ کھاتی رہ سکتی ہیں
بہت سی مائیں بلاوجہ کئی چیزیں کھانا چھوڑ دیتی ہیں۔ جب تک ڈاکٹر منع نہ کرے، یہ چیزیں کھانے میں کوئی حرج نہیں:
انڈے
دودھ اور دہی
مچھلی (جس میں مرکری کم ہو)
مصالحے والے کھانے
مالٹا، کینو جیسے کھٹے پھل
آم اور موسم کے دوسرے پھل
ہر بچہ الگ ہوتا ہے۔ اگر کوئی چیز کھانے کے بعد بچہ بہت بے چین لگے، تو وہ چیز کچھ دن کم کر کے دیکھیں۔ لیکن پہلے سے ہی پرہیز شروع کرنے کی ضرورت نہیں۔
زیادہ کھانا نہیں، صحیح کھانا ضروری ہے
زیادہ کھانے سے دودھ زیادہ نہیں بنتا۔ اصل بات یہ ہے کہ کھانا اچھا ہو اور ہر طرح کا ہو۔ نیوٹریشن اینڈ فٹنس ایکسپرٹ بھی نئی ماؤں کو یہی مشورہ دیتے ہیں۔
اچھا کھانا آپ کو طاقت دیتا ہے، لیکن دودھ کتنا بنے گا یہ اس پر بھی منحصر ہے کہ بچہ کتنی اچھی طرح دودھ پیتا ہے۔ بار بار دودھ پلانا اور بچے کا صحیح طرح منہ لگانا (لیچ) دودھ بڑھانے میں سب سے زیادہ مدد کرتا ہے۔
کن چیزوں کو کم کریں
دودھ پلاتے ہوئے آپ تقریباً سب کچھ کھا سکتی ہیں، لیکن کچھ چیزیں کم مقدار میں ہی ٹھیک ہیں۔
1. چائے اور کافی
چائے تو زیادہ تر پاکستانی گھروں میں روز پی جاتی ہے۔ لیکن بہت زیادہ چائے یا کافی سے کچھ بچے چڑچڑے ہو جاتے ہیں یا ان کی نیند خراب ہوتی ہے۔
دن میں 1 سے 2 کپ کافی ہیں۔
کولڈ ڈرنکس اور چاکلیٹ میں بھی کیفین ہوتی ہے، اس کا بھی خیال رکھیں۔
2. بہت مرچ والے یا تیل والے کھانے
ہمارے کھانے اکثر مصالحے دار اور تیل والے ہوتے ہیں۔ زیادہ تر بچوں کو اس سے کچھ نہیں ہوتا، لیکن کچھ بچوں کو پیٹ کی تکلیف یا بے چینی ہو سکتی ہے۔
انہیں بالکل چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔
بس دیکھتی رہیں کہ بچے پر کیا اثر ہوتا ہے، اور ضرورت ہو تو کم کر دیں۔
3. جنک فوڈ اور پیکٹ والی چیزیں
چپس، بسکٹ، فاسٹ فوڈ جیسی چیزوں میں چینی، نمک اور خراب چکنائی زیادہ اور غذائیت بہت کم ہوتی ہے۔
کبھی کبھار کھانے میں حرج نہیں۔
بس انہیں روز کی عادت نہ بنائیں۔
4. دودھ بڑھانے والی جڑی بوٹیاں
ہمارے ہاں میتھی، سونف اور سوہانجنا دودھ بڑھانے کے لیے بہت دی جاتی ہیں۔
لیکن:
یہ پکا ثابت نہیں کہ یہ واقعی دودھ بڑھاتی ہیں۔
یہ ہر کسی کو سوٹ نہیں کرتیں۔
یہ اچھے کھانے کی جگہ نہیں لے سکتیں۔
کوئی بھی جڑی بوٹی یا دیسی نسخہ شروع کرنے سے پہلے گائناکالوجسٹ یا اپنی ڈاکٹر سے ضرور پوچھیں۔
5. سگریٹ کا دھواں
سگریٹ نہ پئیں، اور جہاں کوئی سگریٹ پی رہا ہو وہاں سے بھی دور رہیں۔ یہ ماں اور بچے دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
ڈیلیوری کے بعد پہلے چند ہفتوں میں جلدی وزن کم کرنے کی کوشش بھی نہ کریں۔ اس وقت جسم ٹھیک ہو رہا ہوتا ہے اور دودھ پلانے کا معمول بن رہا ہوتا ہے۔
کیا دودھ پلاتے ہوئے ڈائٹنگ کر سکتی ہیں؟
وزن کم کرنے کی فکر ہونا عام بات ہے، لیکن اس وقت سخت ڈائٹنگ نہیں کرنی چاہیے۔
کھانا چھوڑیں نہیں، اور کریش ڈائٹ نہ کریں۔
آہستہ آہستہ وزن کم کرنا زیادہ محفوظ ہے۔
کم کھانے کے بجائے اچھا کھانا کھائیں۔
دودھ پلانے سے جسم کو ویسے بھی زیادہ طاقت چاہیے ہوتی ہے۔
ایسا کھانا کھائیں جو آپ لمبے عرصے تک جاری رکھ سکیں۔ ضرورت ہو تو نیوٹریشن اینڈ فٹنس ایکسپرٹ آپ کو وزن کم کرنے کا محفوظ طریقہ بتا سکتا ہے۔
ڈاکٹر یا نیوٹریشن ایکسپرٹ سے کب بات کریں
زیادہ تر ماؤں کے لیے سادہ اچھا کھانا کافی ہوتا ہے۔ لیکن ہر ماں کا جسم الگ ہے۔ اگر کچھ سمجھ نہ آئے یا مشکل لگے، تو مدد لینے میں کوئی شرم نہیں۔
1. اگر ہر وقت تھکن یا کمزوری رہتی ہو
نئے بچے کے ساتھ تھکنا عام ہے۔ لیکن اگر ہر وقت کمزوری، چکر یا تھکن رہے، تو ہو سکتا ہے جسم میں کسی چیز کی کمی ہو۔
ماہر چیک کر سکتا ہے کہ آپ کو صحیح غذائیت مل رہی ہے یا نہیں۔
وہ آپ کے معمول کے حساب سے کھانے میں تبدیلی بتا سکتا ہے۔
2. اگر آپ کو کوئی بیماری ہو
خون کی کمی، شوگر، تھائرائیڈ یا معدے کا مسئلہ ہو، تو آپ کے کھانے کی ضرورت بدل سکتی ہے۔
ایسے میں آپ کو اپنے حساب سے کھانا بدلنا پڑ سکتا ہے۔
گائناکالوجسٹ یا ڈاکٹر آپ کو صحیح طریقہ بتا سکتی ہیں۔
3. اگر سمجھ نہ آئے کہ کیا کھانا ٹھیک ہے
اکثر ماؤں کو الجھن ہوتی ہے کہ کیا کھانا ٹھیک ہے اور کیا نہیں۔
پوری پوری چیزیں چھوڑنے کے بجائے نیوٹریشن اینڈ فٹنس ایکسپرٹ سے پوچھیں۔
وہ بتا سکتے ہیں کہ بلاوجہ پرہیز کے بغیر کیسے صحیح کھائیں۔
4. اگر آپ وٹامنز یا جڑی بوٹیاں لینا چاہتی ہیں
ہر وٹامن یا دیسی نسخہ ہر ماں کے لیے ٹھیک نہیں ہوتا۔
خود سے کوئی دوا یا وٹامن شروع نہ کریں۔
پہلے ڈاکٹر سے پوچھ لیں۔
5. اگر دودھ پلانے میں مشکل ہو
دودھ پلانے کے اکثر مسئلے کھانے سے نہیں، صحیح طریقہ سیکھنے سے حل ہوتے ہیں۔
بچے کو پکڑنے اور دودھ پلانے کا صحیح طریقہ جاننے کے لیے ہماری بریسٹ فیڈنگ گائیڈ پڑھیں۔
اگر مسئلہ ٹھیک نہ ہو تو ماہر سے مدد لیں۔
کھانا سادہ رکھیں
دودھ پلانے والی ماں کو "پرفیکٹ" کھانے کی نہیں، سادہ اور اچھے کھانے کی ضرورت ہے۔ گھر کا بنا عام کھانا آپ کو طاقت دیتا ہے، جسم کو ٹھیک ہونے میں مدد دیتا ہے، اور بچے کی دیکھ بھال میں آپ کا ساتھ دیتا ہے۔
دودھ بڑھانے والی خاص چیزوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے ہر طرح کا کھانا روز کھائیں۔ اگر کبھی کچھ سمجھ نہ آئے، تو نیوٹریشن اینڈ فٹنس ایکسپرٹ یا گائناکالوجسٹ سے مشورہ کریں۔
دودھ پلانے کے طریقے اور مفید مشوروں کے لیے ہماری بریسٹ فیڈنگ گائیڈ بھی پڑھیں۔ اور اگر آپ ماہر ڈاکٹر سے مشورہ چاہتی ہیں، تو ماڈرن ہسپتال کی اسپیشلسٹس سے ملیں۔
اکثر پوچھے جانے والے سوال
1. دودھ پلانے والی ماں کو کیسا کھانا کھانا چاہیے؟
ایسا کھانا جس میں اناج، پروٹین، دودھ دہی، پھل اور سبزیاں سب ہوں۔ دال، روٹی، سبزی اور دہی جیسا عام گھر کا کھانا زیادہ تر ضرورتیں پوری کر دیتا ہے۔
2. کیا دودھ بڑھانے کے لیے کوئی خاص چیز کھانی چاہیے؟
کوئی ایک چیز ایسی نہیں جو اکیلے دودھ بڑھا دے۔ دودھ بڑھانے کا سب سے اچھا طریقہ ہے بچے کو بار بار اور صحیح طریقے سے دودھ پلانا۔
3. کیا دودھ پلاتے ہوئے چائے یا کافی پی سکتی ہوں؟
جی ہاں، لیکن کم مقدار میں۔ دن میں 1 سے 2 کپ کافی ہیں، خاص طور پر جب آپ نوزائیدہ بچے کو دودھ پلا رہی ہوں۔
4. کیا مصالحے والا کھانا کھا سکتی ہوں؟
زیادہ تر مائیں کھا سکتی ہیں اور کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ اگر بچہ بے چین لگے، تو مصالحہ کم کر کے دیکھیں۔
5. کیا کچھ چیزیں بالکل چھوڑ دینی چاہییں؟
عام طور پر نہیں۔ ہر چیز کھائیں لیکن حد میں رہ کر۔ اگر شک ہو تو نیوٹریشن اینڈ فٹنس ایکسپرٹ سے پوچھ لیں۔
6. کیا دودھ پلاتے ہوئے وٹامنز لینے چاہییں؟
ہمیشہ نہیں۔ یہ ہر ماں کی صحت پر منحصر ہے۔ کوئی بھی وٹامن شروع کرنے سے پہلے گائناکالوجسٹ سے پوچھ لیں۔
7. کتنا پانی پینا چاہیے؟
دن بھر تھوڑا تھوڑا پانی پیتی رہیں، اور جب پیاس لگے تو ضرور پئیں۔ اس سے آپ میں طاقت رہے گی۔
8. کیا دودھ پلانے والی ماں مچھلی کھا سکتی ہے؟
جی ہاں۔ جس مچھلی میں مرکری کم ہو، وہ آرام سے کھا سکتی ہیں۔ مچھلی میں پروٹین اور اومیگا 3 ہوتا ہے، جو ماں اور بچے دونوں کے لیے اچھا ہے۔ بس زیادہ مرکری والی مچھلی سے بچیں۔
